حیدرآباد، نوجوان بہیمانہ طریقہ سے قتل،لاش پانی کے خالی ٹینک سے برآمد

اغوا کاروں نے تاوان وصول کرنے کے باجود نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، اہل خانہ

بدھ 19 دسمبر 2018 13:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) حیدرآباد میں نوجوان کو بہیمانہ طریقہ سے قتل کر دیا گیا، 16دسمبر کو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش پولیس نے اولڈ پاور ہائوس کے علاقے میں ایک گھر کے پانی کے خالی ٹینک سے برآمد کر لی ہے،اہل خانہ کے مطابق اغوا کاروں نے تاوان وصول کرنے کے باجود نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پنیاری تھانے کی حدود سی25 سالہ مغوی نوجوان احسن جمیل کی لاش ملی ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا۔ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ نوجوان کو چند روز قبل اسی علاقے سے اغوا کیا گیا تھا، مقتول احسن جمیل کے اہل خانہ نے احسن جمیل کی گمشدگی کی رپورٹ پنیاری پولیس اسٹیش میں 16 دسمبر کو درج کروائی تھی۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے بتایاکہ اغوا کاروں نے احسن کی رہائی کے لئی3لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا جو انہوں نے ادا بھی کردیا لیکن تاوان لینے کے بعد بھی اغواکاروں نے احسن کو قتل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق احسن جمیل کے ایک دوست کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی جسے پولیس نے حراست میں لیا ہوا ہے اور اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے پولیس ابھی مزید تفصیلات فراہم نہیں کر رہی۔ اہل خانہ نے پولیس کے اعلی حکام سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں