سندھ یونیورسٹی جامشورو کی انتظامیہ نے انگریزی اور سندھی زبان میں سائن بورڈ لگانے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

جمعہ 20 اپریل 2018 23:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) سندھ یونیورسٹی جامشورو کی انتظامیہ نے انگریزی اور سندھی زبان میں سائن بورڈ لگانے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا‘یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار نے ترمیم شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں انگریزی اور سندھی زبانوں کے ساتھ قومی زبان اردو کو بھی شامل کرلیا گیا ہے‘ ترمیم شدہ نوٹیفکیشن میں یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ تمام کیمپسز میں سندھی اورانگریزی کے ساتھ اردو زبان میں بھی سائن بورڈز لگانے کا پابند بنایا گیا ہے‘ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن نے 17 اپریل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں سندھ یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ کیمپسز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ انگریزی اور سندھی میں تمام سائن بورڈز نصب کریں جبکہ نوٹیفکیشن میں اردو زبان کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا پر خبریں آنے کے بعد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے نوٹیفکیشن کو نل اینڈ وائڈ قرار دیا‘ جمعہ کو سندھ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ایڈیشنل رجسٹرار کے دستخط سے ترمیم شدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ ترمیم شدہ نوٹیفکیشن میں وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمدبرفت نے واضح احکامات دیئے ہیں کہ یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ تمام کیمپسز میں اردو‘ سندھی اور انگریزی زبانوں میں سائن بورڈز لگائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں