لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے اساتذہ و ڈاکٹروں کے جنرل باڈی اجلاس کا رجسٹرار لمس کو برطرف کرنے کا مطالبہ

جمعرات 16 اگست 2018 23:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے اساتذہ و ڈاکٹروں کے جنرل باڈی اجلاس نے رجسٹرار لمس کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ملازمین پہلے سے ہی سراپا احتجاج ہیں۔لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ اور ڈاکٹروں کا جنرل باڈی اجلاس لمس کے مین کیمپس کی فیکلٹی میں منعقد کیا گیا، پروفیسر سہیل عالمانی کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں پروفیسر محمدایوب لغاری، پروفیسر ساجدہ یوسفانی، پروفیسر اکبر قاضی، پروفیسر مظفر شیخ، پروفیسر شعیب انصاری، پروفیسر عبدالغفار سمیت لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سینکڑوں سینئر و جونیئر اساتذہ اور ڈاکٹروں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب میں رہنمائوں نے کہا کہ لمس میں ایک ریٹائرڈ میڈیکل آفیسر کی رجسٹرار کے طور پر تقرری سراسر غیرقانونی اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اس غیر قانونی عمل پر اعتراض کرنے پر مذکورہ ریٹائرڈ رجسٹرار نے تدریسی اسٹاف اور ملازمین کا جینادوبھر کردیا ہے، اساتذہ کی تذلیل روز کا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے 2 قابل اور ماہر پروفیسر اپنی نوکریوں سے مستعفی ہوچکے ہیں اور کئی لمس چھوڑنے کی تیاریاں کررہے ہیں، اساتذہ اور ماہرین کے دھڑا دھڑ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی چھوڑنے کی وجہ سے یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی کمی کی وجہ سے تدریسی بحران کا بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ لمس میں جاری انھی غلط پالیسیوں ، کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے لمس کے ملازمین گزشتہ اڑھائی ماہ سے سراپا احتجاج ہیں اور ادارے میں تعینات ریٹائرڈ رجسٹرار کو ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں، استاد رہنمائوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر بیکھا رام کو کء دفعہ شکایت کیں لیکن وہ ریٹائرڈ رجسٹرار ڈاکٹر روشن بھٹی کو کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں لہذٰا اب مجبوراً استاد اور ملازمین ایک عظیم تعلیمی درسگاہ کا تقدس اور وقار بچانے کے لئے احتجاج کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور ہم چیف جسٹس پاکستان اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ لمس سے ریٹائرڈ رجسٹرار کو فی الفور برطرف کیا جائے بصورت دیگر عیدالضحیٰ کے بعد تمام استاد اور ڈاکٹر روڈوں پر احتجاج کریں گے۔

یاد رہے کہ ریٹائرڈ رجسٹرار ڈاکٹر روشن بھٹی کی برطرفی کے لئے لمس کے چھوٹے ملازمین کا احتجاج صدر سکندر جونیجو ، مینھوں خان کی رہنماء میں 75 ویں دن بھی جاری رہا اور ملازمین نے رجسٹرار ہٹائو یونیورسٹی بچائو کے نعرے لگائے۔ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائیس چانسلر ڈاکٹر بیکھا رام سے مسلسل انکے موبائیل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گء پر انھوں نے کال اٹینڈ نہیں کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں