ْہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے، مولانا توصیف احمد

مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کیلئے کردار ادا کریں، حکومت پاکستان ہالینڈکی اہانت رسول کیخلاف مئوثر صدائے احتجاج بلند کرے

جمعہ 17 اگست 2018 00:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حیدرآباد ڈویژن کے مبلغ مولاناتوصیف احمدنے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج ہے، مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، حکومت پاکستان ہالینڈکی اہانت رسول کے خلاف مئوثر صدائے احتجاج بلند کرے،آج جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیاجائے گا۔

ایک بیان میں مولانا توصیف احمد نے کہا کہ مغرب میں پھیلتا گستاخانہ کلچر عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرے۔ گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ادارے اور مسلم امہ و مہذب دنیا اس شیطانی گستاخانہ نمائش کو رکو انے کیلئے اپنا موثر و بھرپور کردار ادا کرے، یو این او اپنے چارٹرڈ کے مطابق ہالینڈ کی پارلیمنٹ کے اس شیطانی اعلان کیخلاف کارروائی کرے کیونکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹرڈ میں کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کی مقدس شخصیات کی توہین سراسر ناقابل تلافی جرم ہے، انہوں نے کہا کہ آج جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیاجائے گا جبکہ علماء کرام خطبات جمعہ میں مذمتی قرارداد منظور کریں گئے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں