محرم الحرام میں عزاء داروں کو مجالس عزاء،ماتم داری اور عزاء داری کے دوران سہولتیں فراہم کرنا اولین فرض ہے، میئر حیدرآباد

منگل 18 ستمبر 2018 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عزاء داروں کو مجالس عزاء،ماتم داری اور عزاء داری کے دوران انہیں مطلوبہ سہولتیں جن میں صحت و صفائی،اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے اور اس کے لئے ہم ہمہ وقت سر گرم عمل ہیں، قدم گاہ پر ایمزجنسی کیمپ کا قیام اور مختلف مجالس کے مقامات اور ماتمی جلوسوںاور تعزیہ کی گزرگاہوں پر اضافی و ہنگامی بنیادو ں پر صحت وصفائی اور روشنی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6 محرم الحرام کو حسینی امام بارگاہ یونٹ نمبر 11 لطیف آباد سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس میں شرکت کے دوران منتظمین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،میئر سید طیب حسین نے کہا کہ ہمارے بلدیہ کے مین آفس میں 24 گھنٹے شکایتی مرکز الرٹ ہے جہاں ملنے والی ہر شکایت کا بروقت ازالہ کیا جاتا ہے نہ صرف یہ بلکہ اس حوالے سے میرے یوسی کے چیئر مینز وائس چیئر مینز اور کونسلرز بھی ہمہ وقت فعال کردار ادا کررہے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے بر وقت نمٹا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی ہے کہ اس حوالے سے جو بھی اقدامات کئے گئے ہیں ان کو عملی طور پر یقینی بنایا جا سکے تا کہ دوران عزاء دار وںکو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے ہم نے اس سلسلے میں نہ صرف صحت و صفائی بلکہ قائم سبیلوں پر ہر وقت پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فا ئیر بر یگیڈ کی گاڑیوں کو بھی فعال کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پرحسینی امام بارگاہ کے صدر سید علیم حیدر و دیگر نے مئیر سید طیب حسین کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی، اس موقع پر یوسی چیئرمین ڈاکڑ محفوظ گدی،عمران بشیر،جمیل نور،عبدالقدیر شیخ،ملک علاوالدین،وائس چیئرمینز،کونسلرز اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں