جامعہ سندھ جامشورو اور بلتستان یونیورسٹی کے درمیان تدریسی و تحقیقی منصوبوں پر مل کر کام کرنے کا معاہدہ

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت اور شیخ الجامعہ بلتستان پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے یادداشت نامے پر دستخط کئے

منگل 25 ستمبر 2018 22:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) جامعہ سندھ جامشورو اور بلتستان یونیورسٹی کے درمیان تدریسی و تحقیقی منصوبوں پر مل کر کام کرنے کا معاہدہ، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت اور شیخ الجامعہ بلتستان پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے یادداشت نامے پر دستخط کئے۔وائس چانسلر کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت اور بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے یادداشت نامے پر دستخط کیے، یادداشت نامے کے بنیادی نقاط میں دونوں جامعات کی جانب سے تدریسی و تحقیقی تعاون کو فروغ دلانا، اعلیٰ تعلیم، تدریس و تحقیق کے سلسلے میں اساتذہ و طلباء کا تبادلہ کرنا، مختلف تربیتی کورسز اور معلومات کے تبادلے میں ایک دوسرے کی مدد کرنا، تعلیمی لیکچر ڈویلپ کرنا، نئے تحقیقی مراکز قائم کرنے کے سلسلے میں باہمی تعاون کرنا، دونوں جامعات کے فشریز شعبوں کے مابین تعاون کو بڑھانا، ٹرائوٹ مچھلی سمیت مچھلی کی مختلف اقسام پر نئی اور جدید پہلوؤں سے مشترکہ تحقیق کرنا، باہمی تعاون سے کانفرنسز، سیمینارزاور ورکشاپس منعقد کرنا، انسٹیٹیوٹ آف سندھیالوجی کے تعاون سے بلتستان یونیورسٹی میں ثقافتی میوزیم قائم کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تدریسی و تحقیقی پیش رفت کے لیے جامعات کے درمیان ہونے والے معاہدے کافی مددگار ثابت ہوتے ہیں، مشترکہ تعاون کے ذریعے اہم منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ نے تعلیم و تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ اس قسم کے تعاون کا خیرمقدم کیا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران نہ صرف ملک کی اہم جامعات بلکہ دنیا کی نامور اورتعلیمی معیار کے حوالے سے اچھی ساکھ کی حامل جامعات سے بھی ایم او یو سائن کیے گئے ہیں جس کے بہتر نتائج ملنا شروع ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ بلتستان یونیورسٹی سے ہونے والے معاہدے کے بھی تعلیم و تحقیق کے حوالے سے بہتر نتائج حاصل ہونگے، بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ جامعہ سندھ پاکستان کی قدیم اور بہترین جامعہ ہے جس کے ساتھ یادداشت نامے پر دستخط کرکے میں بیحد خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا دونوں جامعات کے مابین اس تعاون کے ذریعے حال اور مستقبل میں علمی اور تحقیقی پیش رفت کرنے میں مدد ملے گی، اس موقع پرچیئرمین، فریش واٹر بایولاجی اینڈ فشریز پروفیسر ڈاکٹر وزیر علی بلوچ بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں