صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزماں کا ہالا میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور ہنر مند کالونی کا دورہ ،جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 16 نومبر 2018 23:35

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزماں اور وزیر اعلی کے محکمہ کھیل ، انڈسٹریز اور یوتھ افیئرز کے صوبائی مشیر سردار محمد بخش مہر نے ہالا میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور ہنر مند کالونی کا دورہ کر کے جاری ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے لیے ہدایت دیں ۔صوبائی مشیر محمد بخش مہر کی جانب سے ہالا میں مخدوم امین فہیم کے نام سے نو جوانوں کے لیے یوتھ ہاسٹل قائم کرنے ، ہنر مند کالونی کی بقیہ زمین پر زرعی صنعت لگانے کا اعلان کرنے کے علاوہ ضلع میں کرکٹ ، ہاکی اور سندھ کے روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر مخدوم احمد زمان ، سید ممتاز شاہ ، ڈی سی مٹیاری پرویز احمد بلوچ اور دیگر افسران موجود تھے دورہ کے بعد مخدوم ہاؤس ہالا میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ صوبائی مشیر سردار محمد بخش مہر کا ہالا دورہ ایک سنگ میل ثابت ہو گا جس سے کھیلوں کے میدان ، نوجوان کے امور اور چھوٹے پیمانے پر ہنر مندو اور چھوٹی سطح پر کارخانوں کو درپیش مسائل حل ہو گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور معاشرتی برائیاں ختم ہوں گی کھیلوں کے حوالے سے سندھ میں بڑاٹیلینٹ موجود ہے لیکن قومی سطح پر موقع نہیں ملتا جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی ہے حکومت سندھ اس مایوسی کو ختم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی مشیر نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو مواقع ناملنے سے متعلق مختلف فورم پر آواز بلند کی گئی ہے ہم 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے کا اپنا کرکٹ بورڈ قائم کر سکتے ہیں سندھ کے کھلاڑیوں سے مایوسی ختم کرنے کے لیے ضلعی اور ڈویژنل سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ہفتے بھی منائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ زراعت اہم شعبہ ہے جسے فروغ دینے کے لیے چھوٹے چھوٹے کارخانے لگائے جائیں گے جہاں سے ہنر مندوں اور آبادگاروں کو فائدہ ہو گا ۔

قبل ازیں ہالا میں شہدادپور روڈ پر قائم ہنر مند کالونی کے دورے کے دوران محکمہ صنعت کے افسران کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ کالونی میں 50 کوارٹر اور50 ورکشاپ ، ڈسپلے سینٹر اور کمیونٹی سینٹر کے علاوہ دیگر سہولیات موجود ہیں جس کا کام مکمل کرنے کے لیے مزید 38 ملین روپے مطلوب ہیں جو کہ محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے ملنے کے بعد ترقیاتی منصوبہ مارچ 2019 میں مکمل ہو جائے گا اسپورٹس اسٹیدیم ہالا سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیڈیم کا کام امبریلا اسکیم کے تحت 2006 میں شروع کیا گیاجسے نظر ثانی کے بعد ٹیکنیکل کمیٹی سے کلیئر کرایا گیا ہی6 ایکڑ پر مشتمل اسٹیڈیم میں ایڈمن بلاک ، جمنازیم ، واکنگ ٹریک اور دیگر سہولیات کے لیے مزید 65 ملین روپے کی ضرورت ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں