نئے آنیوالے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہیں، جام شورو میں جلد ہی بلاول میڈیکل کالج کام شر وع کردے گا

لمس کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر بیکھا رام دیورا جانی کا تقریب سے خطاب

پیر 10 دسمبر 2018 23:13

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) لمس کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر بیکھا رام دیورا جانی نے کہا ہے کہ نئے آنیوالے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہیں، جام شورو میں جلد ہی بلاول میڈیکل کالج کام شر وع کردے گا۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جام شورو سال 2018-19میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تعارفی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نواردانِ جامعہ کی والدین و سرپرست کے علاوہ فیکلٹی ممبرز و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے لمس کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر بیکھا رام دیورا جانی نے کہا کہ میں نئے آنیوالوں کو خوش آمدید کہتا ہوں مجھے خوشی ہے کہ ان کے والدین و سرپرست بھی اس تقریب میں موجود ہیں انہوں نے کہا کہ جن طلبہ و طالبات کا یہاں قابلیت پر داخلہ ہوا ہے ان کو میں خاص مبارک باد دیتاہوں وہ میرٹ پر کسی بھی میڈیکل یونیورسٹی یا ادارے میں داخلہ لے سکتے تھے لیکن انہوں نے لمس کو اہمیت دی یہ اس یونیورسٹی پر اظہار اعتماد بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا ماحول بہت پرامن اور تعلیم دوست ہے‘ اساتذہ طلبہ و طالبات کی تعلیم پر خاص توجہ دیتے ہیں اس یونیورسٹی نے دنیا میں اپنا ایک مقام بنالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ پبلک سیکٹر میں بننے والی پہلی یونیورسٹی ہے اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں اس کا شمار ہو تا ہے یہاں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے علاوہ فزیو تھراپی ، نرسنگ اور پوسٹ گریجویشن کی کلاسز بھی ہو تی ہیں ایک ہی دن میں ساڑھے 3ہزار سے زائد طلبہ وطالبات حصول علم کے لیے یہاں آتے ہیں اور عملی کام بھی سرانجام دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کا بھی یہاں بہترین انتظام ہے اور دیگر سہولیات بھی سٹوڈنٹس کو حاصل ہیں اس معلومات کا مقصد والدین و سرپرستوں کو اعتماد دینا ہے کہ ان کے بچے ایک ذمہ دار اور اچھے ادارے میں داخل ہو ئے ہیں ۔

بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے وائس چانسلر ڈاکٹر بیکھا رام نے کہا کہ میں نے سندھ حکومت کو تجو یز دی ہے کہ وہ تھر میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ جام شورو میں جلد ہی بلاول میڈیکل کالج کام شروع کردے گا ہم نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی شرائط و قواعد پورے کردیئے ہیں ۔ تقریب سے ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر منور عالم انصاری ، امور طلبہ کے انچارج ڈاکٹر سجن ہالیپوٹہ نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منیر جونیجو، رجسٹرار ڈاکٹر غلام مرتضیٰ دایو ، ڈاکٹرسہیل عالمانی ، ڈاکٹر سروب بھاٹیا ، ڈاکٹر اکرم اجن ، ڈاکٹر خالد ہ ناز ، ڈاکٹر نظیر ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں