دریائے سندھ پر کسی قسم کا ڈیم قبول نہیں کرینگے ، ڈاکٹر قادر مگسی

چیف جسٹس عدالتوں کے معاملات دیکھنے کے بجائے دیگر مسئلوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، وہ ڈیم کی تعمیر کیلئے چندہ مہم چلارہے ہیں لندن جاکر چندا جمع کیا ، ہم پارلیمنٹ سے کہتے ہیں کہ وہ چیف جسٹس کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں، پریس کانفرنس

پیر 10 دسمبر 2018 23:19

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر کسی قسم کا ڈیم قبول نہیں کرینگے ۔ چیف جسٹس عدالتوں کے معاملات دیکھنے کے بجائے دیگر مسئلوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، وہ ڈیم کی تعمیر کیلئے چندہ مہم چلارہے ہیں ، انہوں نے لندن جاکر چندا جمع کیا ، ہم پارلیمنٹ سے کہتے ہیں کہ وہ چیف جسٹس کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں ، حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس جنوری میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہوں گے پھر ان سے پوچھیں گے کہ ڈیم کی چوکیداری کیسی چل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 6مجھ پر لگائے پھر ڈیم بنالیں، پورے سندھ کے عوام ڈیم کیخلاف نکلیں گے سب پر آرٹیکل 6لگاکر انہیں جیلوں میں بھیج دیں۔

(جاری ہے)

ملک میں پانی میں اضافے کی ضرورت ہے نہ کہ پانی کو قید کرناہے۔ جوڈیم دریائے سندھ پر بنے گا وہ سندھ میں خشک سالی کا سبب ہوگا۔ ہم اپنی نسلوں کو قحط سالی میں نہیں دھکیل سکتے، سندھ کا بچہ بچہ ڈیم کیخلاف اٹھ کھڑا ہوگا۔

سندھ کی گلی گلی، چپے چپے میں ڈیم مخالف تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے حکومت میں آنے سے پہلے کہا تھا کہ ہماری حکومت مکمل جمہوری ہوگی، ہر طرف خوشحالی ہوگی لیکن یہ آمریت سے بھی بدتر حکومت ہے ، ان کے 100دن کی کارکردگی میں ان کے سارے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور ان کی حکمرانی کا بھانڈا پھوٹ گیاہے۔کہا کہ عمران خان کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں جو بیرونی اشاروں پر چلتے ہیں ۔ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے نتیجے میں سندھ میں آنے والے پناہ گزیروں کو سندھ میں ووٹ ڈالنے کا حق نہیں دیا جانا چاہئے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں