ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت ’’سندھ کے ثقافتی اظہار کا دن‘‘ کے زیر عنوان ثقافتی تقریب کا انعقاد

منگل 11 دسمبر 2018 21:20

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) جامعہ سندھ جامشورو کے ڈاکٹر این ای بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کی جانب سے ’’سندھ کے ثقافتی اظہار کا دن‘‘ کے زیر عنوان ثقافتی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی، جبکہ مہمان خصوصی ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز حیدرآباد ریجن ڈاکٹر سید عبدالقادر شاہ تھے، جبکہ اعزازی مہمانان میں جامعہ سندھ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر صالحہ پروین شامل تھے، اس ثقافتی تقریب میں اسکول کے طلباء و طالبات نے رنگارنگ ثقافتی ملبوسات میں موضوع کی مناسب سے ٹیبلوز، خاکے اور تقاریر سمیت مختلف ثقافتی رنگ پیش کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ جامعہ سندھ کا ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کا قدیم اور تاریخی اسکول ہے، جس میں مشہور و معروف شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے، اس اسکول کے بانی دیوان پربھو داس کی تعلیمی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ جیسی عظیم شخصیت جن کے نام سے یہ اسکول قائم ہے ان کی سندھی زبان، ادب، ثقافت، تعلیم و تحقیق کے میدان میں کی گئی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایسی مثالی شخصیات جیسے جذبے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ثقافت قوموں کی پہچان ہوتی ہے، سندھ کی ثقافت کو پوری دنیا میں انفرادیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ہتھیار کے مدد سے ہی دنیا کو فتح کیا جا سکتا ہے، تعلیم کے ذریعے ہی اپنی ثقافت کو محفوظ اور دنیا میں اجاگر کیا جا سکتا ہے، تعلیم کو اول و آخر ترجیح دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں اسکول میں زیر تعلیم بچوں کی صلاحیتوں کو دیکھ کر مجھے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، انہوں نے جس اعتماد سے ٹیبلوز، خاکے اور تقاریر وغیرہ پیش کی ہیں، ان کی صلاحیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، یہ بچے زبردست قابلیت کے مالک ہیں، صرف انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے وائس چانسلر نے کہا کہ دنیا میں اسی قوم نے ترقی کی ہے، جس نے اپنی نئی نسل بالخصوص بچیوں کو تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کیے ہیں کوئی بھی قوم تب تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک وہ اپنی بچیوں کو اہمیت نہیں دیتی۔

ہمیں نہ صرف اپنی بچیوں کی قابلیت پر فخر ہونا چاہئے، بلکہ انہیں آگے بڑھنے کا موقع بھی فراہم کرنا چاہئے وائس چانسلر نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر اسکول کے پرنسپال سید احسان اللہ شاہ راشدی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور اسکول کی تاریخی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے رجسٹرار کی سربراہی میں اسکول کے پرنسپل اور ڈی ایف پر مشتمل کمیٹی جوڑنے کا بھی اعلان کیا جو اسکول کی تزئن و آرائش کے لیے مطلوبہ انتظام کرے گی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید عبدالقادر شاہ نے کہا کہ سندھ تہذیبی اور ثقافتی حوالے سے خوشحال صوبہ ہے، یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور خلوص پوری دنیا میں مشہور ہے انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی کو شاہ عبداللطیف بھٹائی کی دعا ہے اور یہ ہمیشہ شاد و آباد رہے گی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جامعہ سندھ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو نے کہا کہ ثقافت کے مختلف رنگ ہوتے ہیں جن میں لباس کھانا، گھومنا پھرنا، اٹھنا بیٹھنا اور بات چیت سمیت معمول کی تمام سرگرمیاں شامل ہیں جن سے آدمی کی پہچان ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافت چھوٹے بڑوں کا احترام سکھانے کے ساتھ آگے بڑھنے کا راستہ بھی سمجھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت صرف ٹوپی اور اجرک پہننے کا نام نہیں ہے، پر یہ ایک وسیع مفہوم کی حامل ہے، جس میں تعلیم کو بھی بنیادی حیثیت ہے اگر ہمیں اپنی ثقافت کو بچانا ہے اور مستقبل کو روشن بنانا ہے تو ہمیں تعلیم کی جانب خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ تقریب کی شروعات میں ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے پرنسپال سید احسان اللہ شاہ راشدی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں شریک تمام مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام منعقد کرنے کا مقصد اپنی ثقافت سے پیار کے اظہار کے ساتھ بچوں کو صلاحیات کے اظہار کا موقع بھی فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اس اسکول کے بچے بہت ذہین ہے جو نا صرف امتحانات میں پوزیشن لیتے ہیں بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ان کی صلاحتیں دیکھنے جیسی ہوتی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے حوالے سے وائس چانسلر کی مدد اور رہنمائی نے ہماری حوصلہ افزائی میں ہمیشہ اضافہ کیا ہے، انہوں نے پروگرام کے سلسلے میں اسکول کے اساتذہ کی محنت کو بھی سراہا۔ اس تقریب میں جامعہ سندھ کے ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، آئی ایس او سیل کے انچارج ڈاکٹر امیر علی ابڑو، آئی بی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عبدالستار شاہ، سید پناہ علی شاہ ماڈل اسکول جامشورو کی پرنسپال ڈاکٹر فریدہ شیخ، ٹرانسپورٹ آفیسر سید سجاد حسین شاہ، انسپیکٹر کالیجز غلام نبی کاکا سمیت اسکول کے اساتذہ، طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض اسکول کے استاد ایاز علی مغل نے سرانجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں