سندھ بھر میں نئے ہسپتال بنانے کے علاوہ پہلے سے کام کرنے والے ہسپتالو ں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، عبدالجبار خان

پیر 17 دسمبر 2018 22:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سندھ بھر میں نئے ہسپتال بنانے کے علاوہ پہلے سے کام کرنے والے ہسپتالو ں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جس سے غریب اور مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتیں میسر آرہی ہیں، ایک بیان میں عبدالجبار خان نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے سول ہسپتال جامشورو اور سول ہسپتال حیدرآباد کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کی مد میں کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں ، سول ہسپتال حیدرآباد میں 50 بیڈ کا جدید آئی سی یو تعمیر ہوچکا ہے جس سے پورے سندھ کے مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اس کے علاوہ گردوں کے ڈائیلاسز ، سی ٹی اسکین ، ایم آر آئی سمیت دیگر پتھالوجی ٹیسٹوں کی بھی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ، بچوں کے علاج کیلئے الگ سے وارڈز بنائے گئے جن میں جدید سامان بھی فراہم کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال کے پرانے وارڈوں کی تزئین وآرائش کے علاوہ نئی بلڈنگز بھی تعمیرکی جارہی ہیں، حال ہی میں صوبائی حکومت نے ہسپتال سے مریضوں کو لانے اور لے جانے کیلئے 18 نئی ایمبولینسیں فراہم کی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت اور خاص طورپر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں