مسخروں کی حکومت اپنی جگتوں کے بوجھ سے ہی گرجائے گی،شبیر انصاری

عمران خان کو تاریخ ہمیشہ حادثاتی وزیراعظم کے نام سے یاد رکھے گی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 19 جنوری 2019 12:30

مسخروں کی حکومت اپنی جگتوں کے بوجھ سے ہی گرجائے گی،شبیر انصاری
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2019ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقا کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا ہم آواز ہونا بہت ضروری ہے، مسخروں کی حکومت اپنی جگتوں کے بوجھ سے ہی گرجائے گی،عمران خان کو تاریخ ہمیشہ حادثاتی وزیراعظم کے نام سے یاد رکھے گی،اپوزیشن کا اتحاد نیک شگون ہے جس کے بننے سے حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ، ملکی مفاد کی خاطرمتحد ہونا وقت کی اشد ضرورت ہے ، موجودہ ملکی صورتحال میں ہم سب کو یکجا ہو کر اپنا اپنا کردار ادا کر ناہوگا کیونکہ حکومت کا رویہ ایسا ہے جس سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامناہے۔

ا ن خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، شبیر حسن انصاری نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کومقید کرنے کے سلسلے کو رکنا چاہیے اور تاریخ گواہ ہے کہ جس نے بھی یہ روش اختیار کی وہ نیست ونابود ہی ہواہے، ہم سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کے لیئے کسی کی ضرورت نہیں ہے یہ اپنی پالیسیوں کی وجہ سے خود ہی گر جائیں گے، انہوں نے کہاکہ عمران خان نہ تو حکومت کر پا رہے ہیں اور نہ ہی مزید حکومت کرنے کے موڈ میں نظر آتے ہیں ، اگر وہ حادثاتی طور پر وزیراعظم بن ہی گئے ہیں اور حکومت ان کو مل ہی گئی ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ عوام کو کچھ ڈیلیور بھی کریں،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گا، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف بہت جلد عوام کے درمیان ہونگے میاں نواز شریف اور ان کے پورے خاندان کے حوصلے بلند ہیں ، اور ہمارے قائدین نے ہمیشہ جمہوری اقدا ر کو مقدم جانا ہے ، کبھی اپنے ذاتی مفاد کے لیئے سیاست نہیں کی ، ہماری سیاست کا محور ہمیشہ ہمارے ملک کی غریب عوام اور ان کا بہتر مستقبل رہاہے ، حکمران بلاوجہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ، لیکن شاید ان کو اس بات کا انداز ہ نہیں کہ انتقامی سیاست بہت جلد دم توڑ جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ حکومت کریں تا کہ ان کی نااہلی مکمل طور پر عوام کے سامنے آجائے اور کل کو اپنی ناکامی چھپانے کے لیے یہ نہ کہیں کہ ہمیں تو اپوزیشن نے چلنے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے منظم ہیں اور عدلیہ سمیت تمام اداروں پر مکمل اعتماد ہے اور امید کرتے ہیں کہ نئے آنے والے چیف جسٹس عوامی امیدوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام فیصلوں میں عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں