حکومت سندھ وفاق سمیت دیگر صوبوں کے معاملات کی آڑ میں اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانا چاہتی ہے،ایازلطیف پلیجو

بدھ 23 جنوری 2019 21:36

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ وفاق سمیت دیگر صوبوں کے معاملات کی آڑ میں اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانا چاہتی ہے، بھوک اور بیماریوں کی وجہ سے تھر میں معصوم بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، بیروزگاری انتہا پر ہے، امن اور انصاف ناپید ہے، پانی کی قلت کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، فصلوں کی جائز قیمتیں نہیں مل رہیں، معمولی بارش کے بعد گٹر اورنالے ابل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پرنس ٹائون حیدرآباد میں شہریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا ہے، سالانہ 700 ارب روپے کی لوٹ مار کا حساب کون دے گا، انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، قبائلی جرگوں میں انصاف کا قتل کیا جاتا ہے، نوجوان اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں اٹھائیں نوکریوں کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر سفارش اور رشوت کے بغیر نوکری نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ اخبارات میں اشتہار آنے سے قبل ہی نوکریاں بک جاتی ہیں ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے کمیشن کے بغیر نہیں ملتے، جو کام ہوتے ہیں وہ غیرمعیاری اور ناقص ہوتے ہیں، کوئی شاہراہ ہو یا سرکاری بلڈنگ 6 ماہ بھی نہیں چلتی، 18 اضلاع کے کروڑوں عوام کو گٹر کا ملا ہوا گندا پانی پلایا جا رہا ہے، زمین کا پانی زہریلا ہونے کی وجہ سے لوگ ہیپاٹائٹس اور دیگر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت وفاق اور دیگر صوبوں کے معاملات کے پیچھے چھپنے کے بجائے سندھ میں مصنوعی طور پر پیدا کی گئی تباہی کا حساب دے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں