حکومت سندھ لسانی نفرتوں کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے،عمران قریشی

اتوار 17 فروری 2019 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ میں لسانی نفرتوں کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ایک بار پھر سندھ کے مختلف شہروں میں لسانی فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر حملے ہورہے ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہروں کو تحفظ فراہم کرے لیکن موجودہ حکومت کسی سطح پر اپنی ذمہ داری انجام دینے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں ارشاد رانجھانی کے قتل کے بعد سندھ دشمن اور امن دشمن قوتیں پختون اور سندھی بولنے والوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دے رہے ہیں اس حوالے سے مختلف شہروں میں بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر سندھ کو لسانیت کی آگ میں جھونکنے کی تیاریاںکی جارہی ہیں لیکن سندھ کے محب وطن عوام ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سندھ صوفیوں اور اولیاء کی سرزمین ہے یہاں کے عوام آپس میں محبت، بھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت خود دہشت گردوں اور قاتلوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد آزادانہ طورپر کارروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں قتل کئے جانے والے تمام بے گناہوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں