حیدرآباد ،بھارت کا جنگی جنون پاکستان کے افواج اور عوام خاک میں ملادیں گے،عمران قریشی

ہفتہ 23 فروری 2019 21:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون پاکستان کے افواج اور عوام خاک میں ملادیں گے، 70 سال سے بھارت میں انتہاپسند حکمران پاکستان کو نہ صرف دھمکیاں دیتے رہے ہیں بلکہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور قتل وغارت گری میں بھی ملوث رہے ہیں جس کا واضح ثبوت کلبھوشن یادیو کا اعترافِ جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جذبہ ایمانی اور وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے عوام بھارت کیخلاف اپنے حکمرانوں اور افواج کے ساتھ کھڑے ہوں کیونکہ بھارتی حکمران اپنی انتخابات میں کامیابی کیلئے جنگی جنونیت کو ہوا دے رہے ہیں لیکن جس طرح وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ نے بھارت کی دھمکیوں کا جواب دیا ہے اس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ اب اگر بھارتی حکمرانوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کی غلطی کی تو انہیں منہ کی کھانی پڑے گی اور ان کا حشر وہی ہوگا جو افغانستان میں امریکی او رنیٹو افواج کا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج دنیا کی سب سے زیادہ پروفیشنل فورس ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان کی فوج نے چند سالوں میں ملک سے دہشت گردی اور دہشت گردوں کا قلع قمع کیا ہے ۔بھارتی سازشیں اور دہشت گردی پاکستان میں بے نقاب ہوگئی ہیں ۔اب اگر بھارتی فوج نے جارحیت کی کوشش کی تو سوائے اسے زخم چاٹنے کے کچھ نہیں حاصل ہوگا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں