بھارت میں انتخابی معرکہ ہوتا ہے توبھارتی حکمران اپنی مقبولیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کیخلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے کی کوشش کرتا ہے،عبدالجبارخان

ہفتہ 23 فروری 2019 21:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ جب بھی بھارت میں انتخابی معرکہ ہوتا ہے تو وہاں کے ہندو انتہاپسند بھارتی حکمران اپنی مقبولیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کیخلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس بار اگر بھارتی افواج نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نہ صرف ایٹمی طاقت ہے بلکہ اس کی بہادر جفاکش اور پیشہ وارانہ فورس دنیا کی صف اول کی افواج میں شمار ہوتی ہے ، پاکستان کے عوام اور افواج ایک ہی پیج پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پوری دنیا میں بے نقاب ہوچکی ہے ، اب ہندو انتہاپسند حکمران انتخابات میں مصنوعی اکثریت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو دھمکی دے رہے ہیں ، پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان نے ماضی میں بھی بھارتی دہشت گردی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور اب بھی ان کے دانت کھٹے کردیں گے، لہٰذا بھارتی حکمران اپنی صلاحیتیں اپنے ملک کے غریب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے لگائے کیونکہ بھارت دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں غربت اور پسماندگی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات جس میں رفاع حاجات کی سہولیات بھی شامل ہیں میسر نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور افواج اپنے ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں