وفاقی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے کمربستہ ہے، ملکی دولت اور وسائل کو لوٹنے والوں کو کسی صورت آزاد نہیں چھوڑا جائے گا،عمران قریشی

اتوار 17 مارچ 2019 20:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے کمربستہ ہے اور ملک کی دولت اور وسائل کو لوٹنے والوں کو کسی صورت آزاد نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پاکستان کی کرپٹ ترین پارٹی ہے جو برسہا برس سے ملک کے وسائل کو لوٹنے کے ساتھ ساتھ ملک دشمن فیصلوں کی مرتکب بھی رہی ہے۔

آج بھی سندھ میں ہر سطح پر پیپلزپارٹی کی لوٹ مار کے چرچے ہیں۔ آصف زرداری کے مڈل مین وسائل کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کررہے ہیں جبکہ ان مڈل مینوں پر نیب نے ہاتھ ڈالا ہے تو پیپلزپارٹی کی قیادت کی چیخیں نکل گئیں ہیں لیکن ملک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں جب تک ملکی دولت کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس نہیں لائی جاتی ملک میں نہ تو حالات بہتر ہوں گے اور نہ ہی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیراعظم ملکی معیشت کو سہارا دینے کیلئے دنیا بھر میں دوست ممالک سے پیسے جمع کررہے ہیں تو دوسری جانب ملکی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک بھیجنے والوں کیخلاف بھی نیب کارروائی کررہی ہے ۔ کچھ عرصے کے بعد ہی اس کے بہتر اثرات مرتب ہوں گے او رملکی معیشت کو نہ صرف استحکام پر آجائے گی بلکہ ملک میں خوشحالی اور بہتری بھی پیدا ہوگی۔ اس کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور عوام کو مل کر ساتھ کام کرنا ہوگا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں