جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا

علامہ آئی آئی قاضی کے مزار سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے مین گیٹ تک 200 میٹر طویل قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا گیا باشعور قومیں اپنے قومی دن نہایت جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔ آج جامعہ سندھ میں جس جوش و جذبے کے ساتھ یہ دن منایا جا رہا ہے، وائس چانسلر

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت اور ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم کی زیر قیادت علامہ آئی آئی قاضی کے مزار سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے مین گیٹ تک 200 میٹر طویل قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا گیا، جس میں جامعہ سندھ کے کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، فوکل پرسنز، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، مختلف تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان سمیت اساتذہ، افسران، ملازمین، طلباء و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد شامل تھی۔

مارچ کے دوران پاکستان زندہ باد، پاکستان ہماری جان ہے، پاکستان ہماری شان ہے، پاکستان کا مطلب کیا، لا اللہ الاللہ، اے وطن تیرے لیے جان بھی قربان ہے، دل دل پاکستان جان جان پاکستان، وطن کے عظیم مجاہدو تمہیں سلام سمیت وطن سے اظہار محبت کے طور پر مختلف نعرے لگائے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے دوران جامعہ سندھ کے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد کے طلباء بینڈ پر ملی نغموں کی خوبصورت دھنیں پیش کر رہے تھے۔

اس موقع پر جامعہ سندھ کے شعبہ جنرل ہسٹری ، پاکستان اسٹڈی سینٹر اور سندھ پولیس حیدرآباد ریجن کی جانب سے بیورو آف اسٹیگس کے تعاون سے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی، جبکہ مہمان خصوصی ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کو شرکاء نے باادب کھڑے ہو کر احترام سے سماعت کیا۔

۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ آج کا دن تاریخ کا عظیم دن ہے، اسی دن پر قراردادِ پاکستان منظور ہوئی، علامہ اقبال نے جس عظیم ملک کا خواب دیکھا قائد اعظم محمد علی جناح کی سربراہی میں ہمارے بزرگوں کے عظیم جدوجہد کے نتیجے میں اس خواب کو تعبیر ملی۔ انہوں نے کہا کہ باشعور قومیں اپنے قومی دن نہایت جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔

آج جامعہ سندھ میں جس جوش و جذبے کے ساتھ یہ دن منایا جا رہا ہے، وہ اپنے وطن عزیز سے بے پناہ محبت کا بھرپور اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صورت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک خوبصورت تحفہ عطا کیا ہے، جس کی حفاظت اور تعمیر وترقی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر برفت نے مزید کہا کہ دنیا کے گولے پر پاکستان کو انفرادیت حاصل ہے، پاکستان انتہائی خوبصورت ملک ہے، ہم سب اس وطن کے محافظ ہیں اور اس کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے، وطن کی راہ میں شہادت حاصل کرنا بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے ان عظیم شہیدوں اور غازیوں کو بھی سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بنا وطن کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرکے خود کو ہمیشہ سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے تقریب کے شاندار انتظامات کرنے پر جامعہ سندھ کے شعبہ جنرل ہسٹری، پاکستان اسٹڈی سینٹر، سندھ پولیس حیدرآباد ریجن اور بیورو آف اسٹیگس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کو بھی داد دی اور کہا کہ جامعہ سندھ میں تمام قومی دن بھرپور اور یادگار طریقے سے منائے جاتے ہیں اور یہ سلسلہ آئیندہ بھی جاری رہے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی قدر کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آؤ آج کے تاریخی دن پر یہ عہد کریں کہ ملک کی ترقی کے لیے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے اور وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کافی بدل چکا ہے اور جنگوں کے انداز بھی تبدیل ہو گئے ہیں۔

اب بندوقوں کی کم اور نظریات کی جنگ زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بندوق والے ملک اور قوم کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں اس لیے ہماری جان بھی قربان ہے، لیکن نظریات کی جنگ آپ کو لڑنی ہے اور اس میں یونیورسٹیز کا اہم کردار ہے جو علم و شعور کی روشنی کے ذریعے ذہنوں کی آبیاری کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بیرونی خطرات کے ساتھ اندرونی خطرات کو بھی دیکھنا ہے جو انتہاپسندی، عدم برداشت سمیت مختلف صورتوں میں موجود ہیں، جن کو ایک ساتھ ملک کر شکست دینی ہے۔

انہوں نے شاندار پروگرام کے انعقاد پر شیخ الجامعہ سندھ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر برفت کے آنے کے بعد یونیورسٹی میں تمام قومی دن شاندار اور یادگار طریقے سے منائے جا رہے ہیں۔ آج کا دن بھی بڑے جوش او رولولے سے منایا جا رہا ہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر پاکستان اسٹڈی سینٹر پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم خطہ ہے، جس کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں منفرد پہچان حاصل ہے۔

اس موقع پر بیورو آف اسٹیگس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا عمرانی نے اپنے خطاب میں پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملک کے تمام قومی دنوں پر منعقد ہونے والے اس قسم کے شاندار پروگرامز جامعہ سندھ کی نئی پہچان بن چکے ہیں۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے، تقریریں اور خاکے پیش کرکے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔

تقریب میں بیورو آف اسٹیگس کی ٹیم نے ’’پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘ کے موضوع پر شاندار ڈراما پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کیا۔ اس موقع پر تقریب میں پارٹیسپیٹ کرنے والے طلباء و طالبات کو یادگار سرفٹکیٹس بھی دیے گئے۔ آخر میں چیئرمین شعبہ جنرل ہسٹری عرفان احمد شیخ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں جامعہ سندھ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو، دادو کئمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منیرالدین سومرو، ٹھٹھہ کیممپس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر سرفراز حسین سولنگی، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز پروفیسر ڈاکٹر اختر حسین مغل، پروفیسر ڈاکٹر زرین عباسی، پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالغنی شیخ، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ دایو، پروفیسر ڈاکٹر حاکم علی قناصرو، جامعہ سندھ کے سینڈیکیٹ ممبر پروفیسر جمشید علی بلوچ سمیت مختلف سینٹرز کے ڈائریکٹرز، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، رینجرز کے افسران، اساتذہ، افسران اور طلبا و طلبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی نظامت کے فرائض جنید احمد ملک اور اقرا نصیر نے سرانجام دیے۔ 23 مارچ یوم پاکستان کے سلسلے میں جامعہ سندھ جامشورو اور سندھ پولیس حیدرآباد ریجن کے مشترکہ تعاون سے جامعہ سندھ کے پی سی بی گرائونڈ میں ’’کرکیٹ گالا‘‘ بھی منعقد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر الیون، کمشنر الیون، ڈی آئی جی الیون، کے اے ٹی آئی الیون کے درمیان کرکٹ کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں