وفاقی حکومت معاشی پالیسیوں پر نظرِ ثانی اور اُسے مثبت بنانے کے لیے سرجوڑ کر ملک کو معاشی تباہی کی طرف جانے سے روکے، حیدرآباد چیمبر

ہفتہ 18 مئی 2019 20:35

؂ حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2019ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت معاشی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرنے اور اُسے مثبت بنانے کے لیے سرجوڑ کر ملک کو معاشی تباہی کی طرف جانے سے روکے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکن ڈالر کی اُڑان، پاکستانی کرنسی میں تاریخی گرائوٹ، اسٹاک ایکسچینج میں 133 اًرب روپے کا ڈوبنا، سونے کی قیمتیں 72 ہزار روپے فی تولے سے زیادہ ہونا، مزید اوگرا کی جانب سے پہلے سے پیٹرولیم، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود دوبارہ 47 فیصد گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کسی مثبت پالیسی کی غمازی نہیں کرتی اور چھوٹے تاجر اور صنعتکاروں کا اِس ہو شربا مہنگائی اور اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ اور فنی خرابی پر بندش سے اپنے پائوں پر کھڑا رہنا دوبھر ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود اور وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاشی صورتحال کو صحیح راہ پر لانے کے لیے مثبت پالیسیاں بنائیں تاکہ ملک معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑا رہ سکے۔ اِس وقت روپے کی قدر بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی کرنسی سے بھی کم ہوگئی ہے نتیجتاً ملک میں مہنگائی کا طوفان اُٹھ کھڑا ہوا ہے اور غیر ملکی قرضے اربوں روپے بڑھ گئے ہیں۔ اگر اًب بھی مثبت پالیسیاں نہ اپنائی گئیں تو پاکستانی معیشت بالکل بیٹھ جانے کا اندیشہ پیدا ہوتا جارہا ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں