& موجودہ حکومت مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی کرپٹ حکومتوں کا کفارہ ادا کررہی ہے،عمران قریشی

W جلد ہی عوام کو ان مشکلات سے نجات مل جائیگی

اتوار 23 جون 2019 19:51

) حیدرآباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی کرپٹ حکومتوں کا کفارہ ادا کررہی ہے ۔ جلد ہی عوام کو ان مشکلات سے نجات مل جائیگی۔ پہلی مرتبہ پاکستان صحیح سمت کی جانب گامزن ہے اس سے پہلے جس طرح کی ملک میں لوٹ مار، بدامنی اور اقرباء پروری تھی اس کا اب خاتمہ ہوتا جارہا ہے اور وہ دن دو رنہیں جب ملک کے عوام معاشی خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔

حکومت کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے اب بیرونی دنیا کا بھی پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے اور جس طرح عرب امارات کے حکمران پاکستان کے دورے کرکے پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مدد دے رہے ہیں یہ حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اب بھی پرانی روش پر قائم ہے اور وہ نئے حالات کو سمجھنے کے بجائے لوٹ مار کو اپنی ترجیحی بنائے ہوئے ہیں لیکن وہ دن دو رنہیں جب سندھ کے عوام ان بدعنوان حکمرانوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور انہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیٹرول یا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بھی بحالت مجبوری ملکی معیشت کو سہارا دینے کیلئے کیا جاتا ہے لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) جس نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے وہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے منفی پروپیگنڈہ کرتے ہیں اس کے باوجود عوام حکومت کے ساتھ ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت جلد ہی معاشی بحران سے نکل جائے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں