مون سون کی پہلی بارش نے ہی محکمہ بلڈنگ حیدرآباد کے افسران کی کارکردگی کی پول کھول دی

منگل 23 جولائی 2019 18:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) مون سون کی پہلی بارش نے ہی محکمہ بلڈنگ حیدرآباد کے افسران کی کارکردگی کی پول کھول دی ہے، حیدرآباد کے نشیبی علاقے میں واقع نیو وحدت کالونی، اولڈ وحدت کالونی، پیون کالونی، اولڈ وحدت کالونی ایسٹ ونگ اورجی او آر کالونی سمیت دیگر سرکاری کالونیوں کے کواٹروں گلیوں اور سڑکوں پرکئی کئی فٹ بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

ان خیالات کا اظہار نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شاہد سومرو اور دیگر نے بارش کے بعد مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔شاہد سومرو نے کہا کہ ان سرکاری کالونیوں میں ناکارہ ڈرینج نظام، عملے کی کوتاہی اور ایس ڈی او بلڈنگ حیدرآباد جاوید کلہوڑو کی ترقی اور تبادلہ ہونے کے بعد ایک ہفتے سے خالی سیٹ پر تقرری نہ ہونے کے باعث پہلے ہی ان کالونیوں میں سیوریج کا پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا تھا اب رہی سہی کسر بارش کے پانی سے پوری کردی ہے۔

(جاری ہے)

نیو وحدت کالونی کے بواز اسکول اور گرلز اسکول کے سامنے گھٹنوں گھٹنوں بارش کا پانی جمع ہونے سے طلبہ و طالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکوکی طرف سے لوڈشیڈنگ اور بلڈنگ عملے کی غیرحاضری کے باعث ڈسپوزل مشین کے نہ چلنے سے بارش کے پانی میں اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ بلڈنگ حیدرآباد کے افسران اپنے دفتروں میں بیٹھے ایئرکنڈیشنز کا مزا لینے میں مشغول ہیں جبکہ ان سرکاری کالونیوں میں رہائش پذیر ملازمین مسلسل پریشانی کا شکار ہیں، محکمہ بلڈنگ حیدرآبادکے چیف انجینئر اختر ڈاچ فوری طور پر اپنے عملے کو 24 گھنٹے ڈسپوزل مشین پر الرٹ رہنے اور ڈیزل مشینں ان سرکاری کالونیوں میں نصب کرائیں تاکہ جلد سے جلد ان نشیبی علاقوں سے بارش سمیت سیوریج کے پانی کا اخراج ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر حیدرآباد ان سرکاری کالونیوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں اور یہاں کے مکینوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں