چیئرمین ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سید اعجاز علی شاہ کی لیاقت یونیورسٹی ہسپتال میں کھلی کچہری ،مختلف وارڈ ز سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا

منگل 23 جولائی 2019 23:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2019ء) سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد کے حکم پر تشکیل دی گئی ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سید اعجاز علی شاہ نے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد میں کھلی کچہری کی اور مختلف وارڈ ز سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن، اے ڈی سی ون حیدرآباد محمد یوسف شیخ اور ہسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی سمیت مختلف ڈپارٹمنٹوں کے سربراہ اور نمائندے موجود تھے۔

ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین سید اعجاز علی شاہ نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سول ہسپتال حیدرآباد جوکہ حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع کا مرکزی ہسپتال ہے یہاں سندھ کے دور دراز علاقوںسے مریض علاج کیلئے آتے ہیں لہٰذا زیر علاج اور طبی معائنے کیلئے آنے والے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں پتھالوجی ٹیسٹ سمیت ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مبین احمد میمن نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کو بتایا کہ سول ہسپتال حیدرآبادمیں حال ہی میں 50بستروں کا ایک نیا جدید آئی سی یو قائم کیا گیا ہے جس میں سرجیکل آئی سی یو اور میڈیکل آئی سی یو میں تشویشناک حالت میں لائے گئے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ روڈ حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹراما ٹولوجی ڈپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے جہاں متاثرہ مریضوں کو علاج کے ساتھ ساتھ سی ٹی اسکین ، پتھالوجی ٹیسٹ اور ماہر کنسلٹنٹ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد چائلڈ آئی سی یو بھی تعمیر کے مراحل میں ہیں جہاں تشویشناک حالت میں لائے جانے والے بچوں کا علاج کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال حیدرآباد میں حیدرآباد سمیت18اضلاع سے مریض علاج کیلئے آتے ہیں اور ان کی تعداد میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے پیش نظر سول ہسپتال حیدرآباد میں شام کی او پی ڈی بھی چلائی جارہی ہے جس میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مریض اپنے طبی معائنے کے علاوہ ادویات اور پتھالوجی ٹیسٹ کی سہولیات بھی حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ اس وقت ہسپتال میں 800بیڈ دستیاب ہیں ۔ ٹیکنیکل اسٹاف کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ، گریڈ ایک سے لے کر 17تک کی 864منظور شدہ آسامیاں خالی ہیں جن پر مجبوراً ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ کو یقین د ہانی کرائی کہ وہ ہسپتال کے جائز مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کریںگے تاکہ ہسپتال کی کارکردگی اور مزید بہترسے بہتر بنائی جاسکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں