پاکستان انجینئرنگ کونسل نے جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی منظوری دیدی

منگل 23 جولائی 2019 23:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) جامعہ سندھ جامشورو کا انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پاکستان انجینئرنگ کونسل سے تسلیم ہو گیا ہے، جس کے بعد آئندہ سال سے انسٹی ٹیوٹ کے تمام 4 شعبوں انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن میں انجینئرنگ یونیورسٹیز کا نصاب پڑھایا جائے گا اور طلباء کو انجینئرنگ اسناد تفویض کی جائیں گی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی منظوری کے بعد انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی کومذکورہ چاروں ٹیکنالوجیز پر مشتمل فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی قائم کرنے کیلئے ضروری ہوم ورک مکمل کرنے کا ہدف دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی۔ تقریب میں ڈائریکٹر امداد علی اسماعیلی، جامعہ سندھ میں آئی ٹی شعبے کے بانی پروفیسر ڈاکٹر عبدالحسین شاہ بخاری، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرسول عباسی، ڈائریکٹر فنانس حاکم علی مہیسر، آئی آئی سی ٹی کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر لچھمن داس، پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، ڈاکٹر کامران تاج پٹھان، ڈاکٹر ذیشان بھٹی کے علاوہ آئی آئی سی ٹی کے تمام اساتذہ و اسٹاف موجود تھا اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو پاکستان انجینئرنگ کونسل سے ایکریڈیٹیشن و منظوری ملنے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا اور تمام اساتذہ، طلباء، ڈائریکٹر ڈاکٹر امداد اسماعیلی، بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر بخاری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جلد فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ کر اس میں انسٹی ٹیوٹ کو شامل کیا جائے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں