ایران کے کلچرل اتاشی احمد عبداللہ کی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ملاقات

منگل 20 اگست 2019 19:47

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ایرانی قونصلیٹ کے کلچرل اتاشی احمد عبداللہ نے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ان کے آفس میں ملاقات کی، جس میں جامعہ سندھ کے گریجویٹ و انڈر گریجویٹ طلباء و طالبات کو فارسی زبان میں پی ایچ ڈی کرانے سمیت اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ایرانی جامعات میں بھجوانے، تحقیق و ثقافت کی ترقی کیلئے ساتھ مل کر کام کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی کلچرل اتاشی نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ ایران و پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات ہونے کے ساتھ دونوں ممالک ثقافتی، تہذیبی و مذہبی حوالے سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران کا ثقافتی سینٹر جامعہ سندھ کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ یہاں تعلیم و تحقیق کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اساتذہ و طلباء کے لیے ایکسچینج پروگرام اور جامعہ سندھ کے انڈر گریجویٹ و گریجویٹ طلباء کو اسکالرشپ دیکر اعلیٰ تعلیم کیلئے ایرانی یونیورسٹیز میں بھجوانے کیلئے یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی پیشکش کی۔

شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر برفت نے مثبت جواب دیتے ہوئے جلد ایم او یو پر دستخط کرنے کی رضامندی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے ایران کی مختلف تین یونیورسٹیز جن میں تہران یونیورسٹی اور شیراز یونیورسٹی بھی شامل ہیں، سے تعلیمی معاہدے ہوئے ہیں، ایران کے حیدرآباد میں واقع کلچرل سینٹر سے بھی معاھدہ ہو گیا تو اس سے جامعہ سندھ کے طلباء و طالبات کا بڑا فائدہ ہوگا، کیونکہ اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایران اچھا کام کر رہا ہے۔

ملاقات میں طے پایا کہ ایران جامعہ سندھ کے اساتذہ و طلباء کو اسکالرشپ پر فارسی سمیت مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کرائی گا جبکہ جامعہ سندھ ایرانی طلباء و اساتذہ کو انفارمیشن ٹیکنالاجی، ادب و انگریزی زبان کی تربیت دے گی، جس کیلئے جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائینگے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں