حیدرآباد ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف سیاسی و سماجی تنظیموں کی ریلیاں

جمعہ 23 اگست 2019 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اوربھارتی فوج کی درندرگی کیخلاف حیدرآباد میں جمعہ کے روز بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف سیاسی ، سماجی اورمذہبی تنظیموں کی جانب سے پروگرام منعقد کئے گئے اورریلیاں نکا لی گئیں جن میں بھارتی وزیر اعظم مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا اور اقوام متحدہ سمیت او آئی سی سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے اور بھارتی مظالم کا نوٹس لے کر کشمیریوں کی آواز پر انہیں حق خود ارادیت دیا جائے۔

اس حوالے سے پاکستان سنی تحریک حیدرآباد کی جانب سے صوبائی رہنما عمران سہروردی،ضلعی صدر عابد قادری ،علامہ حسین عارف ،سید ساجد علی کاظمی اور شفیق میئو سمیت دیگر کی قیادت میں قدم گاہ مولا علی سے بھارت مردہ باد ریلی نکالی جو پریس کلب پہنچی ،جہاں رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھا رت ایک دہشت گرد ملک ہے جو نہ صرف اپنے ملک میں غنڈہ گر دی اور قتل و غارت گر ی کر رہا ہے بلکہ مقبو ضہ کشمیر اور پاکستان میں بھی دہشت گردی کر وارہا ہے بیگناہ اور معصوم لو گو ں کا قتل عام کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مسجد ابوالفضل کمیٹی کے ممبران کی جانب سے قدم گاہ مولا علی سے مولانا سید حیدرعباس زیدی ،مولانا گل حسن مرتضوی اور مولانا ذوالفقار علی کاظمی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو کوہ نور چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ،اس موقع پر رہنمائوں نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا مقبوضہ کشمیر میں فوری طور کرفیو ختم کرکے اقوام متحدہ کی قرار داد کی ر وشنی میں کشمیری مسلمانوں کو اُن کا حق دیا جائے ۔

قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے زیر اہتمام حیدرآباد کی مسیحی برادری کی جانب سے مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جس سے بشپ سمسن فادر شاہ رخ،فادر فیلکس،پرنسپل آف سینسٹ میرز سسٹر سروت اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ امن کے مذاکرات بحال کرتے ہوئے تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے ،ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے جنوبی ایشیاء میں اور باالخصوص دنیا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو گی ۔

پاکستان والمیک سماج کے زیر اہتمام حیدرآباد کی ہندو برادری کی جانب سے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی ،اس موقع پر منگل داس والمیکی اور دیگر نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر عالمی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم فوری بند کرا کر بھرتی فوج واپس کی جائے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق دیا جائے ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں