حیدرآباد ،کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قدم گاہ مولاعلی سے ریلی

جمعہ 23 اگست 2019 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف قدم گاہ مولاعلی سے ایک ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے نور چوک پر پہنچ کر بھارتی فوج اور حکمرانوں کی مخالفت میں نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار اد اکرے۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران اپنے جنگی جنون میں یہ نہ بھولیں کہ پاکستانی کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی جدوجہد جاری رکھیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کو پاکستان سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں ، کئی روز سے جاری کرفیو اور انسانی حقو ق کی پامالی کی وجہ سے وہاں زندگی جہنم بنادی گئی ہے، نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں زیر علاج کشمیریوں کو نہ تو ادویات فراہم کی جارہی ہے اور نہ ہی انہیں علاج معالجے کی سہولیات۔ اگر مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی طاقتوں نے اپنا کردار اد انہ کیا تو پھر کشمیر میں ہونے والی خانہ جنگی کے ذمہ دار بین الاقوامی قوتیں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کے کونے کونے سے کشمیری بھائیوں کی حمایت میں احتجاج کیا جارہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام بھی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں