حیدرآباد میں صحت وصفائی کی صورتحال کراچی سے بھی زیادہ بدتر ہے،عمران قریشی

جمعہ 23 اگست 2019 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں صحت وصفائی کی صورتحال کراچی سے بھی زیادہ بدتر ہے۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، گٹر اُبل رہے ہیں ، بلدیہ حیدرآباد ، میونسپل کمیٹی قاسم آباد اور ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد کی انتظامیہ لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں کررہی ۔

دو ہفتے قبل ہونے والی بارشوں کے پانی کی نکاسی بھی پوری طرح نہیں کی جاسکی ہے اسی طرح عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بھی اب تک کئی مقاما ت پر پڑی ہوئی ہیں ۔ جبکہ حیدرآباد ، قاسم آباد اور لطیف آباد کی شاہراہوں پر کچرا کئی کئی دن تک نہیں اٹھایا جاتا جس سے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں ، شہر کے سرکاری اور نجی ہسپتال ان امراض سے متاثر ہونے والوں سے بھرے ہوئے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہورہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے چار سال کے فنڈز کا آڈٹ کرایا جائے اور ان میں کرپشن کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرکے ان کے مقدمات نیب میں چلائے جائیں۔ تاکہ عوام کے دکھوں کا مداوا ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآبا دکے نالوں کی صفائی کے نام پر ملنے والے فنڈز بھی کرپشن کی نظر ہوجاتے ہیں ۔ نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندے پانی کی نکاسی بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں