حیدرآباد میں ٹریفک کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کرگیا ہے، عمران قریشی

شاہرائوں سمیت علاقوں میں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے بجائے پیسہ کمانے میں مصروف

پیر 16 ستمبر 2019 23:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ٹریفک کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کرگیا ہے، شہر کی مین شاہرائوں سمیت علاقوں میں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے بجائے پیسہ کمانے میں مصروف ہیں جس کے باعث شہریوں خاص طورپر اسکول کے بچوں کو پریشانی سے دوچار ہونا پڑتا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جگہ جگہ غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈ بنادیئے گئے ہیں جہاں کھڑی ہونیو الی گاڑیوں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اسی طرح حیدرآباد، قاسم آباد اور لطیف آباد کی مین شاہرائوں پر جگہ جگہ فروٹ اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والوں کے ٹھیلے کھڑے ہوتے ہیں جس سے سڑکوں پر گاڑیاں چلانا دوبھر ہوگیا ہے، انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کے محکمے میں موجود کرپٹ افسران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اس طرح کے اقدامات کررہے ہیں کہ جس سے شہری پریشانی کا شکار ہورہے ہیں، بینکوں ، ہسپتالوں ، شاپنگ مال اور شاہرائوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے پر پارکنگ فیس کے نام پر بھتہ وصول کیا جاتا ہے لیکن ان بھتہ لینے والوں کو کوئی بھی روکنے کو تیا رنہیں ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو کچھ دن بعد شاہراہوں پر پیدل چلنا بھی مشکل ہوجائے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں