ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی متعلقہ افسران کو شہر میں صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات اور ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے اسپرے کرانے کی ہدایت

اتوار 22 ستمبر 2019 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے حیدرآباد کے متعلقہ افسران کو حیدرآباد شہر میں صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات کرنے، کچرے کو مقررہ مقامات پر منتقل کرنے سمیت ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے اسپرے کرانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وہ صفائی ستھرائی سے متعلق متعلقہ افسران سے شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو، چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ،یچ ایم سی ،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، واسا ، سی ایم اوز ، محکمہ صحت کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی حیدرآباد عائشہ ابڑو نے ایچ ایم سی افسران سے سختی سے استفسار کیا کہ کیا سبب ہے جو حیدرآباد شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آرہے ہیں جس پر ایچ ایم سی کے افسران نے یقین دلایا کہ اب شہر میں روزانہ کی بنیاد پرصفائی ستھرائی کے عمل کو یقینی بنایا جائیگا اور کچرے کو ٹھکانے لگایا جائے گا، ڈی سی ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سڑکوں سے تعمیراتی ملبہ اٹھائے جانے اور دوبارہ ملبے کو سڑکوں پر نہ پھینکے جانے کو یقینی بنانے کے اقدامات کریںتاکہ عوام کو آمدورفت میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا نہ پڑے، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ حیدرآباد کی تمام ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے اور سانپ کے ڈسنے کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، محکمہ صحت کے افسران حیدرآباد میں مچھروں کے عذاب کے بڑھنے کو مد نظر رکھتے ہوئے ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کا اسپرے کرانے سمیت مطلوبہ اقدامات کریں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں کارکردگی رپورٹ پیش کریں، ڈی سی حیدرآباد نے چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے راستوں اور مین شاہرائوں کی صفائی ستھرائی اور کورے کرکٹ کو مقررہ مقامات پر منتقلی کرنے کے عمل کی نگرانی کرنے کے علاوہ جہاں بھی تجاوزات موجود ہیں انہیں فوری طور پر ہٹانے کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے تعلقہ کے سی ایم اوز کو ہدایت کی کہ کتا مار مہم کو تیز کیا جائے ، ملیریا اور ڈینگی کا اسپرے کرنے کو یقینی بنایا جائے اور اپنی کارکردگی رپورٹ انہیں روزانہ کی بنیاد پر پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں