پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک غیرمناسب ہے ، رکن سندھ اسمبلی عبدالجبار خان

موجودہ حکومت نے جس طرح سے سیاسی جماعتوں کی کردار کشی اور انہیں دیوار سے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن سندھ اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ حکومت کا امتیازی سلوک غیرمناسب ہے ، پیپلزپارٹی سیاسی رواداری اور عوامی بھائی چارے پر یقین رکھتی ہے لیکن موجودہ حکومت نے جس طرح سے سیاسی جماعتوں کی کردار کشی اور انہیں دیوار سے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اس کے ملک پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، ایک بیان میں ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہا کہ آج پاکستان میں معاشی عدم استحکام خاص طورپر سندھ کے عوام میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے، مہنگائی ، بیروزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے، ہر آنے والے دن کے ساتھ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں من مانے اضافے کردیئے جاتے ہیں جس سے غریب عوام کا چولہا ٹھنڈا ہوچکا ہے، انہوں نے کہاکہ سفید پوش اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام انتہائی بدحالی کا شکار ہیں ، حکومت معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنے کے بجائے عوام کو بھوک و افلاس میں مبتلا کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر جلد ہی عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے اور اس حکومت کا برسراقتدار رہنا ناممکن ہوجائے گا، جب سے پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی ہے شاید ہی کوئی دن ایسا ہو کہ مہنگائی اور غربت میں اضافہ نہ ہورہا ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں