صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں منہ مانگا اضافہ کردیا گیا ہے ،عمران قریشی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے صوبائی حکومت کی نااہلی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آٹے کی قیمتوں میں منہ مانگے اضافے نے غریب شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ گندم اور باردانے کی خریداری میں کی جانے والی کرپشن کی سزا عام شہریوں کو مل رہی ہے۔

محکمہ خوراک گندم اور آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی آٹا مہنگے داموں فروخت ہورہا ہے مزید آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 100کلو گندم کی بوری پر 11سو روپے تک کا ریکارڈ اضافہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 54 روپے کلو کا آٹا اب 56 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا ہے ۔

صوبائی حکومت کے افسران اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں ۔ گندم ذخیرہ کرنے والوں نے گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے شہریوں کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ نہ تو اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول کرپارہی ہیں اور نہ ہی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کی گرفت کی جارہی ہے۔ اس صورتحال کا اگر فوری طورپر سدباب نہ کیا گیا تو شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر آٹے ، دودھ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں