حیدرآباد،چہلم امام حسینؓ کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اہم اجلاس

امام بارگاہوں اورماتمی جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان سے متعلق ڈویزنل کمشنر کو متعلقہ افسران کی بریفنگ + چھوٹے مسائل بھی کبھی کبھار بڑے مسائل میں تبدیل ہو جاتے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے اس ضمن میں بنائی گئی حکمت عملی پر مکمل عمل کیا جائے، محمد عباس بلوچ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت چہلم امام حسینؓ کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اہم اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چہلم امام حسینؓ کے دوران امام بارگاہوں اورماتمی جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان سے متعلق ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کو متعلقہ افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ، ایڈیشنل کمشنر سید سجاد حیدر ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ چھوٹے مسائل بھی کبھی کبھار بڑے مسائل میں تبدیل ہو جاتے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ضمن میں بنائی گئی حکمت عملی پر مکمل عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا حکام کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں باالخصوص قدم گاہ مولا علیؓ اور سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ؒکی درگاہ کے اطراف سے سیوریج کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کریں جبکہ تلسی داس پمپگ اسٹیشن پر چہلم امام حسینؓ کے موقع پر اور ہر جمعہ کے دن افسر کو تعینات کیا جائے جو شکایات کا ازالہ کرے۔

انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ چہلم امام حسین ؓکے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ سے بھی گریز کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ایس ایس پی حیدرآباد کو امام بارگاہوں اور چہلم کے ماتمی جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات اور منظم ٹریفک پلان تیار کر نے کی ہدایت کی۔

انہوں نے دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کے وہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر لائٹنگ، ایمبولینسز کی فراہمی اسپتالوں میں ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی موجوگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دیتے ہو کہا کہ چہلم امام حسینؓ کے موقع پر ہی بابا سرفراز کلہوڑو کی درگاہ شریف پر پلے بھرائی ہوتی ہے جہاں پر ہزاورں عقیدت مند و زائرین جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہوتی ہے جوپلے بھرائی میں شرکت کرنے آتی ہیں یہاں بھی سیکورٹی، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں