بلدیہ حیدرآباد میں مچھر مار اسپرے کرکے گندگی سے شہریوں کو نجات دلائیں ،عبدالجبار خان

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:31

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بلدیہ حیدرآباد میں مچھر مار اسپرے کرکے گندگی سے شہریوں کو نجات دلائیں ، انہوں نے کہاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی مچھروں کی تیزی سے افزائش ہورہی ہے جس کے سبب مچھروں کی بہتات ہورہی ہے ۔ گنجان آباد علاقوں میں جہاں کچرا اور گندا پانی جمع ہے وہاں مچھر ہونے کی وجہ سے ڈینگی مچھر کے کاٹے سے شہری بھی متاثر ہورہے ہیں اور حیدرآباد کے اسپتالوں میں انہیں علاج کیلئے لے جایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مچھر کے کاٹے کے علاج کے سینٹرز کو بھی فوری طورپر فعال کرکے وہاں علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو ڈینگی سے بچایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر مقامی سطح پر بلدیہ اور واسا کی انتظامیہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیں توشہر کے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں اور شہریوں کو بھی ریلیف دیا جاسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے حیدرآباد کی یوسی کی سطح پر نمائندگی رکھنے والے یہ ادارے موثر کردار اد انہیں کررہے ہیں جس کے سبب حیدرآباد کے عوام مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد جوکہ کچھ عرصے قبل پاکستان کے خوبصورت اور صاف ستھرے شہروں میں شمار کیا جاتا تھا اب اس کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے۔ شہر کی 30لاکھ عوام کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے پریشانی کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں