ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی تمام سرکاری اسپتالوں ادویہ کی کمی سمیت دیگر بنیادی مسائل کے بارے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر مقصود عباسی کو فوری طور پر ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویہ کی کمی سمیت دیگر بنیادی مسائل کے بارے میں رپورٹ ڈی سی آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ رپورٹ کے تناظر میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں صحت کی بنیادی سہولتوں کی کمی سے متعلق آگاہ کیا جاسکے، انہوں نے متعلقہ افسران کو خبردار کیا کہ رپورٹ کی تیاری میں کوتاہی کرنے پر ان کے خلاف اعلیٰ حکام کو لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈی سی عائشہ ابڑو نے چیف سیکریٹری سندھ کی طرف سے بنائی گئی ڈسٹرکٹ ہیلتھ ویجلینس کمیٹی کے تحت شاہ عبداللطیف بھٹائی ہسپتال لطیف آباد میں کھلی کچہری منعقد کی، کھلی کچہری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی عائشہ ابڑو نے کہا کہ حیدرآباد کے تمام ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی کمی نہیں ہے جبکہ حیدرآباد میں مچھر مار اسرپرے بھی جاری ہے، انہوں نے ایم ایس ہسپتال کو ہدایت کی کہ عوام الناس کی شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے ایک شکایتی باکس نصب کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے مسائل کے حل کے لیے ملاقات کے دن کا تعین بھی کیا جائے، انہوں نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے روئیے میں بہتری لائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم ہونے والی علاج معالجے کی سہولتوں، صفائی ستھرائی سمیت ہسپتال کے دیگر انتظامی امور کی نگرانی کی ہدایت کی، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے داخلی و خارجی راستوں سے تجاوزات کو ختم کریں، عائشہ ابڑو نے کہا کہ بھٹائی ہسپتال 128 بستر پر مشتمل ایک بہترین ہسپتال ہے جہاں تقریباً 156 ڈاکٹرز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ہسپتال کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ متعلقہ تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر ہفتے تعلقہ ہسپتالوں کا دورہ کر کے رپورٹ پیش کریں اور ہر ماہ وہ خود ذاتی طور پر ضلع کے تمام ہسپتالوں کا دورہ کریں گی، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرحیدرآباد محمد یوسف شیخ، ڈی ایچ او مقصود عباسی ، ایم ایس بھٹائی ہسپتال لطیف آباد ڈاکٹر محمد سلیم ، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی اور مختیار کار فہیم احمد منگی بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، ڈی سی کی آمد پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مرکزی دروازے کے بند کرنے پر ڈی سی نے برہمی کا اظہار کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو دروازہ فوری کھولنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں