موجودہ حکومت کے خلاف ہر شعبہ سراپا احتجاج ہے ، رکن سندھ اسمبلی عبدالجبار خان

وکلاء، ڈاکٹر ، صحافی ، اساتذہ اور خود عوام حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہے کیونکہ ڈیڑھ سال میں موجودہ حکومت عوام کو کچھ نہیں دے سکی ہے سوائے دعوؤں اور وعدوں کے

اتوار 15 دسمبر 2019 20:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن سندھ اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف ہر شعبہ سراپا احتجاج ہے ، وکلاء، ڈاکٹر ، صحافی ، اساتذہ اور خود عوام حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہے کیونکہ ڈیڑھ سال میں موجودہ حکومت عوام کو کچھ نہیں دے سکی ہے سوائے دعوؤں اور وعدوں کے۔ایک بیان میں ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہاکہ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان عوام سے جو وعدے اور دعوے کررہے تھے ان سب پر یوٹرن لے لیا گیا ہے، مرکزی حکومت کی صوبہ سندھ میں مداخلت کی وجہ سے سندھ میں انتظامی اور تعمیروترقی کے کام متاثر ہورہے ہیں، وفاقی حکومت نہ خود کچھ کرتی ہے نہ ہی صوبہ سندھ کی حکومت کو کام کرنے دے رہی ہے، وفاقی حکومت نے صوبہ سندھ کے فنڈز بھی روک رکھے ہیں جس سے ترقیاتی کام بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور صوبائی حکومت کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت جوکہ جمہوری اقدار اور جمہوری طرز سیاست سے ناآشنا ہیں اس نے پورے ملک کے عوام کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کیا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کردیئے گئے ہیں، حکومت عوام کو ڈیڑھ سال میں ریلیف دینے کے بجائے بیروزگاری ، مہنگائی ، فاقہ کشی میں مبتلا کئے ہوئے ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو پورے ملک میں عوام معاشی بدحالی کے ہاتھوں مجبور ہوکر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں