بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حیدرآباد

ضلع انتظامیہ کی طرف سے حیدرآباد کے تمام تعلقوں میں اتوار بچت بازار لگائے جائیں گے جہاں عوام کو اشیائے خورد و نوش سستے داموں ملیں گی

منگل 21 جنوری 2020 00:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اس لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے حیدرآباد کے تمام تعلقوں میں اتوار بچت بازار لگائے جائیں گے جہاں عوام کو اشیائے خورد و نوش سستے داموں ملیں گی۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دفتر شہبازبلڈنگ حیدرآباد میں متعلقہ اداروں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو نے کہا کہ بہت جلد حیدرآباد کے تمام تعلقوں میں اتوار بازار لگانے کے لیے مقامات کا تعین کیا جائے گا، ان بچت بازاروں میں روز مرہ استعمال کی ضروری اشیاء جیسا کہ چاول ، دالیں ،گھی ، چینی اور آٹے سمیت سبزیاں اور پھل بھی عوام کو سستے داموں ملیں گے، آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تمام تعلقوں میں36 مختلف مقامات پر سستے آٹے کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں آٹا سستے داموں فروخت ہو رہا ہے، انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ملوں کے مالکان کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ سرکاری قیمت پر آٹا فروخت کریں، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز صدیقی ، محکمہ خوراک کے افسران اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں