ترکی ہمیشہ پاکستان کاسچا اور باوفادوست رہا ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

جب مسئلہ کشمیر پربہت سے اسلامی ممالک تک پاکستان کا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں تھے ترکی نے پاکستان کی کھلی حمایت کر کے دوستی کا حق ادا کیا،صدر جے یوپی نورانی

ہفتہ 15 فروری 2020 23:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2020ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کاسچا اور باوفادوست رہا ہے، بین الاقوامی سطح پر جب مسئلہ کشمیر پربہت سے اسلامی ممالک تک پاکستان کا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں تھے ترکی نے پاکستان کی کھلی حمایت کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے اور اب اپنے پاکستان کے دورہ کے دوران ترک صدر طیب اردگان نے کشمیر اور ایف اے ٹی ایف پر پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کر کے اور 13مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر کے اورپاکستان سے تجارت کو5ارب ڈالر سے بڑھا نے کا اعلان کر کے ایک بار پھراسلامی اخوت اور محبت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے، ایک بیان میں صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس اسلامی اخوت کو مزید پروان چڑھانے کر ایک اسلامی بلاک تشکیل دیا جائے جو یہود وہنود کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے اسلامی مالک کے مفادات کا تحفظ کرے اورکشمیر، فلسطین، روہنگیا اور ہندوستان جیسے ممالک کے مظلوم مسلمانوں کی دادرسی کیلئے عملی اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے دوست اور دشمن کو پہنچانیں دشمن کو دوست سمجھ کر اب تک جو نقصان اٹھایا ہے اس تجربہ سے سبق حاصل کریںاور اسلام کا سچا درد رکھنے والے حقیقی دوستوں کو جمع کر کے یہودوہنودکی غلامی سے نجات حاصل کریں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں