مون سون کی متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں ، کمشنر حیدرآباد

منگل 14 جولائی 2020 00:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2020ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ مون سون کی متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں اور ہنگامی پلان ترتیب دے کر ان کے دفتر ارسال کریں تاکہ ان کا جائزہ لے کر ایک جامع منصوبہ بندی کی جائے اور بارشوں /سیلاب کی صورتحال میں لوگوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔

وہ اپنے دفتر میں ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون حیدرآباد سید سجاد حیدر ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کے علاوہ دیگر افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے تمام ڈی سیز کو ہدایت دی کہ شہروں میں صفائی ستھرائی ، نالوں کی بھل صفائی کو یقینی بنائیں جبکہ بارشوں کے پیش نظرافرادی قوت میں اضافے، مشینریز کے فعال رکھنے اور اسٹینڈ بائی جنریٹر کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں، انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت دی کہ ڈویژن کے تمام ڈی سیز کی طرف سے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ بارشوں کے دوران پانی اخراج کو فوری طور پر یقینی بنانے کیلئے پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے کورونا کی موجودہ صورتحال ، ٹڈی دل ، بھل صفائی اور جعلی ڈومیسائل سے متعلق کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی، کمشنر نے ڈی سیز کو ہدایت دی کہ وہ ان کے دفتر کی طرف سے مقرر کئے گئے فوکل پرسن ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ثنا ء اللہ رند سے قریبی رابطہ رکھیں اور اپنی شکایات اور مسائل ان کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کو اعلیٰ حکام سے حل کر وایا جا سکے، کمشنر نے کہا کہ کورونا کی حالیہ صورتحال میں لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ یہ بھی لائحہ عمل بنائیں کہ اس صورتحال میں پولیو کے خلاف مہم کو کس طرح سے چلایا جائے، عید الاضحی کے دوران قربانی کے جانوروں کی الائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں، انہوں نے تمام ڈی سیز کو ہدایت دی کی کہ وہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ ان کے دفتر ارسال کریں، بارشوں کے دوران شہری و دیہی علاقوں کے دورے کر کے برساتی پانی کے اخراج کی خود نگرانی کریں، کمشنر محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ مال پیڑیوں میں ایس او پیز ہر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، انہوں نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کو ہدایت دی کہ جامشورو فلائی اوور ہر ہونے والے تجاوزات کو فوری ختم کروا کے رپورٹ پیش کریں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں