حیسکوکا محکمہ مکمل طور پر عوام کے لیے درد سر بن چکا ہے، نا اہل و کرپٹ حیسکو افسران و اسٹاف کی بدولت شہر بھر کا بجلی کا نظام ناکارہ ہو کر رہ گیا ہے،حافظ طاہرمجید

ہفتہ 19 ستمبر 2020 22:24

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید ، نائب امراء ڈاکٹرسیف الرحمن ، عبد القیوم حیدر، جنرل سیکریٹری مطاہر خان نے کہا ہے کہ حیسکوکا محکمہ مکمل طور پر عوام کے لیے درد سر بن چکا ہے، نا اہل و کرپٹ حیسکو افسران و اسٹاف کی بدولت شہر بھر کا بجلی کا نظام ناکارہ ہو کر رہ گیا ہے۔

حیسکو افسران اپنے دفتروں میں موجود نہیں ہوتے اور بجلی کی ستائی ہوئی عوام در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں آخر یہ عوام جائیں تو کہاں جائیں۔حیسکو گاڑی کھاتہ سب ڈویژن ، حیسکو لیاقت کالونی سب ڈویژن ، حیسکو سرفراز کالونی سب ڈویژن اور ہیر آباد سب ڈویژن کے ایکسین سمیت کرپٹ اسٹاف کو برطرف کیا جائے ۔ان علاقوں میں کئی کئی مہینے سے ٹرانسفارمر خراب ہیں لیکن حیسکو عملہ کسی کا جائز کام بھی نہیں کرتے صرف رشوت کی طلب میں مصروف رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

،عوام پر ناجائزو بوگس ڈٹیکشن کی بھرمار کرکے چھوٹے چھوٹے گھروں پر لاکھوں کے واجبات بنادئیے گئے ہیں جن کی درستگی کے لیے صارفین حیسکوکے دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حیسکو بدترین کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے،صارفین سے توہین آمیزرویہ معمول ہے جبکہ صارفین کی دادرسی کا کوئی بھی نظام نہیں ہے۔عوام کی شکایات کی ان سنی اور ان کے ناجائز چارجز کے خاتمہ کیلئے کوئی پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے صارفین بدترین ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں، ٹرانسفارمر جل جائے تو یہ لوگ ہزاروں روپے طلب کرتے ہیں اور رشوت نہ دینے پر علاقے کے لوگ کو ہفتوں بجلی سے محروم رہتے ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حیسکو میں کرپشن اور عوام پر ناجائز جرمانوں کے اجراء اور کرپشن کرکے حیسکو کے ادارے کی تباہ حالی اور حیسکو اہلکاروں کی آمدنی میں مسلسل اضافے کا نوٹس کیں اور نیب اور ایف آئی اے سے تحقیقات کرائیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں