اللہ پاک نے اپنے پیارے اور آخری نبیؐ کو وہ حسن وجمال عطا فرمایا کہ جس کی مثال نہیں ملتی ، مولانا الیاس قادری

حسن وجمال مصطفی ؐایسا تھا کہ کوئی کہتا کہ رخ روشن سے نور کی کرنیں نکلتی تھی تو کوئی کہتا کہ چاند سے زیاد ہ حسین وجمیل ہیں

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) امیر دعوت اسلامی علامہ مولانا محمد الیاس قادری نے کہا ہے کہ اللہ پاک نے اپنے پیارے اور آخری نبی ؐ کو وہ حسن وجمال عطا فرمایا کہ جس کی مثال نہیں ملتی اور مثال ملے بھی کیسے کیونکہ اللہ پاک نے آپ جیسا حسین وجمیل اور بنایا ہی نہیں،حسن وجمال مصطفی ؐایسا تھا کہ کوئی کہتا کہ رخ روشن سے نور کی کرنیں نکلتی تھی تو کوئی کہتا کہ چاند سے زیاد ہ حسین وجمیل ہیں،تو کوئی کہتا کہ آپ ؐ سے بڑھ کوئی خوبصورت دنیا میں آیا ہی نہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے فیضان مدینہ میں ماہ میلاد کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مدنی مذاکرے میں بیان کرتے ہوئے کیا، امیر اہلسنت مولانا الیاس قادری نے کہا کہ پیارے آقا ؐ جیسا حسین وجمیل کسی آنکھ نے دیکھا ہی نہیں،آپ جیسا کوئی خوبصورت پیدا ہوا ہی نہیں،ساری کائنات کی بادشاہت کا تاج آپؐ کے سر پر ہے،آپ ؐ ساری کائنات کے بادشاہ ہیں، آپ ؐ زمین وآسمان کی عظیم سلطنت کے بادشا ہ ہیں۔

(جاری ہے)

آپ ؐ کے دو وزیر آسمانوں میں حضرت جبریل اور حضرت میکائل علیہ السلام اورزمین کے دو وزیر حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ عزوجل کے رسول ؐ باکمال ہیں،اگر رسول بے مثال ؐ کا حسن مبارک مکمل طور پر ظاہر ہوجاتا تو کوئی آنکھ اس حسن کو نہ دیکھ سکتی،آپ ؐ کا اعلیٰ مقام آپ ؐ کے رب عزوجل کے سوا کوئی نہیں جانتا، انہوں نے عاشقان میلاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر خوب نماز کا اہتما م کریں،درود شریف کی کثرت کریں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں