حیدرآباد،وفاق کی جانب سے غریب و نادار خواتین کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اینڈ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے،عمران قریشی

جمعہ 23 اکتوبر 2020 20:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدرعمران قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غریب و نادار خواتین کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام اینڈ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اپنی رجسٹریشن کروارہی ہیں۔ اس کا مقصد وفاقی حکومت کی طرف سے غریب عوام کی مالی مدد کے علاوہ انہیں صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ مہنگائی کے اس دو رمیں وہ اپنے گھر کا گزر بسر کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے لیکن وہ سیاسی عناصر جو ماضی میں عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں ناکام رہے اور اب منفی پروپیگنڈہ کرکے وفاقی حکومت کی کارکردگی کو منفی انداز میں پیش کررہے ہیں لیکن عوام جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد سب سے پہلے بدعنوان اور لوٹ مار میں ملوث سیاستدانوں ، بیوروکریٹس کے گرد شکنجہ سخت کیا ہے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اور اب یہ سارے جمع ہوکر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان احتساب کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہیں اور احتساب سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔ عوام نہ تو ان کے بہکاوے میں آئیں گے اور نہ ہی یہ اپنے منفی پروپیگنڈے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 70 سال کا گند صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا ۔ حالت یہ ہے کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اورناکامی بھی وفاقی حکومت کے کھاتے میں ڈال دی جاتی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں