حیدرآباد ،کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کیلئے تقریب

جمعہ 23 اکتوبر 2020 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) حیدرآباد میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کیلئے شاہ بھٹائی اسپتال لطیف آباد میں ایک تقریب ہوئی جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ تقریب میں کورونا مریضوں میں علاج کے حوالے سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شیلڈ تقسیم کی گئی ۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالہ جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے آج اس کا وائرس ایک بار پھر حیدرآباد میں متحرک ہورہا ہے ۔ اس موذی اور جان لیوا بیماری سے بچاؤ کیلئے ہر شخص کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے تاکہ اس سے خود بھی بچ سکیں اور دوسروں کی زندگیاں بھی محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلے رکھے جائیں ۔ منہ پر ہر وقت ماسک لگائیں اور کھانسی، نزلہ کی صورت میں فوری طورپر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کے علاوہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد اور خاص طورپر ڈی ایچ او کے ماتحت کام کرنے والے ڈاکٹروں نے اس 8ماہ کے دوران جس جواں مردی ، حوصلے اور ہمت کے ساتھ اس خطرناک بیماری کا شکار مریضوں کا جان ہتھیلی پر رکھ کر علاج کیا ہے وہ قابل تعریف ہے کیونکہ لوگوں کی زندگیاں بچانا ڈاکٹروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ آنے والے دنوں میں بھی اسی ذمہ داری سے مریضوں کا علاج کریں اور کورونا کی وبا کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی دی جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں