پی ڈی ایم کے جلسے میں کی جانے والی تقاریر کے بعد اپوزیشن کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے،عمران قریشی

پیر 26 اکتوبر 2020 23:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدرعمران قریشی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کی جانے والی تقاریر کے بعد اپوزیشن کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے کیسوں میں این آر او حاصل کرنے کیلئے مسلم لیگ(ن) سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتیں ملک کی سالمیت اور ملکی سلامتی کے اداروں کو ہدف تنقید بناکر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعت جے یو پی کے خودساختہ یڈر اویس نورانی نے اپنی تقریر میں بلوچستان کی علیحدگی کی بات کی تو وہاں موجود کسی جماعت کے قائدین نے نہ تو انہیں روکا اور نہ ہی ان کی مذمت کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سارا عمل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا مقصد درپردہ بلوچستان کی علیحدگی پسند قوتوں کو سپورٹ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم جو عوام کے حقوق کی بجائے اپنی بدعنوانی اور کرپشن کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے قوم نے گجرانوالہ او ر کوئٹہ کے جلسوں میں ان کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے کہ یہ پہلے خود ملک کے وسائل کو لوٹ کر اپنی ذاتی عیاشیوں پر خرچ کرتے ہیں اور اگر ان کیخلاف کارروائی کی جائے تو یہ ملک دشمنی پر اتر آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام نہ تو ان کے بہکاوے میں آئے گی اور نہ ہی ان کی یہ ملک دشمن سرگرمیاں برداشت کی جائیں گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں