بزدل دہشت گرد معصوم بچوں پر حملے کرکے وحشت وبربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں ،عبدالجبار خان

منگل 27 اکتوبر 2020 17:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بزدل دہشت گرد معصوم بچوں پر حملے کرکے وحشت وبربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ان دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو خون میں نہلایا لیکن پھر سیکورٹی کے اداروں نے ان دہشت گردوں کو نیست و نابود کیا بلکہ ان کی کمیں گاہیں بھی تباہ کردیں، ایک بار پھر ملک دشمنوں کی ایما پر یہ دہشت گرد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں لیکن اس بار بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستان کے عوام اپنے افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے ماسٹر مائنڈوں کو جب تک جہنم واصل نہیں کردیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ان قوتوں کو سمجھنا چاہئے جو بے گناہوں کو خون سے نہلارہے ہیں جو نہ مسلمان ہیں ، نہ انسان ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی مذہب ہے۔ وہ اپنے ان ناپاک منصوبوں اور عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوںنے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اطراف میں مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ دہشت گردوں کو شکست دی جاسکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں