موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی بڑی تیزی سے مچھروں کی افزائش شروع، مچھر مار اسپرے کرایا جائے، عمران قریشی

بروقت اسپرے نہ کرائے جانے کی وجہ سے جگہ جگہ ملیریا تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے حیدرآباد کے شہری براہ راست متاثر ہورہے ہیں

جمعہ 20 نومبر 2020 21:36

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) تحریک انصاف ضلع حیدرآباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں فوری طورپر مچھر مار اسپرے کرایا جائے ، موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہے بڑی تیزی سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے جس کو ختم کرنے کیلئے بروقت اسپرے نہ کرائے جانے کی وجہ سے جگہ جگہ ملیریا تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے حیدرآباد کے شہری براہ راست متاثر ہورہے ہیں، خاص طورپر بچے اور بوڑھے افراد اس کا شکار ہوکر ہسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور میونسپل کمیٹی قاسم آباد و ڈسٹرکٹ کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر صورت میں گنجان آباد علاقوں اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر مچھر مار اسپرے کرائے لیکن یہ ادارے کچھ بھی کرنے کو تیار نہیں اور اس مد میں ملنے والا فنڈز بھی اپنی عیاشیوں پر خرچ کردیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ اب جبکہ یوسی چیئرمین اور منتخب نمائندے موجود نہیں اس کے بعد ایڈمنسٹریٹر اور بلدیاتی اداروں کے عملے کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی صحت اور صفائی کے انتظامات کو احسن طریقے سے انجام دیں لیکن عملی طورپر یہ ادارے کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ، ان اداروں میں تقرری و تعیناتی پر صوبائی حکومت کے ذمہ داران کروڑوں روپے رشوت لیتے ہیں جس کی وجہ سے ان اداروں کے ذمہ دار افسر کام کرنے کے بجائے کرپشن کو ترجیح دے رہے ہیں اور ان کی کرپشن کی سزا غریب عوام کو ملتی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں