مضبوط معیشت کا انحصار صنعتی پہیہ کی روانی میں ہے، ریجن میں جرائم پیشہ عناصر کی کوئی جگہ نہیں،ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد

جمعہ 20 نومبر 2020 22:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت کا انحصار صنعتی پہیہ کی روانی میں ہے، ریجن میں جرائم پیشہ عناصر کی کوئی جگہ نہیں۔وہ انجمن تاجران سندھ تعلقہ قاسم آباد کی طرف سے قاسم آباد میں تقریب استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے، ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد ایس پی نور الحق رند کے ساتھ تقریب میں پہنچے تو انجمن تاجران سندھ حیدرآباد کے صدر صلاح الدین غوری، محبوب علی ابڑو،چیئرمین قاسم آباد اشرف میمن، صدر قاسم آباد اصغر پنہور،چیئرمین لاء اینڈ آرڈر کمیٹی سجاد حسین سولنگی، وقار حمید میمن،اور دیگر نے ان کا پر تپاک استقبال کیا اورانہیں سندھ کے روایتی اجرک اور پگ پہنائی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمیل احمد ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کیلئے محدود وسائل کے باوجود ہر دم کوشاں ہیں نفری کی کمی دور کرنے کے لئے عنقریب پولیس میں ریکروٹمنٹ کی جائے گی جرائم اور بدامنی کی آگ کوشہداء سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں نے اپنے لہو سے بجھایا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی شہادتیں اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ قیام امن کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا تاجر برادری پولیس کے محدود وسائل کا ادراک رکھتی ہے بطور ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن تعیناتی امن و امان اور سازگار کاروباری فضا کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں جرائم کی بیخ کنی کیلئے وقتا فوقتا شروع کی جانے والی کمپنیز کے مثبت نتائج آئے ہیں اور الحمد للہ ریجن میں صورتحال مثالی ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے تاجر و صنعتکار حضرات رفاہی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں اور کاروباری اوقات کے دوران ماسک و سینیٹائزر کا لازمی استعمال کریں۔

قبل ازیں سابق یوسی ناظم قاسم آباد محبوب ابڑو نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قاسم آباد میں امن و امان کے باعث معروف برانڈز بھی اب اپنا کاروبار کررہے ہیں ہم پولیس کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تقریب میں کشمور میں زیادتی کا شکار خاتون اور کم سن بچی کو انصاف دلوانے کی خاطر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جان خطرے میں ڈال کر مثال قائم کرنے والے بہادر اے ایس آئی محمد بخش برڑو کو شرکاء نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں