اساتذہ برادری ادارے کی ترقی اور تدریسی ماحول کو مزید موثر بنانے کے لئے ریسرچ اور گرانٹ پروجیکٹس تیار کریں ،ڈاکٹر فتح مری

منگل 12 جنوری 2021 23:35

ٹنڈوجام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا ہے کہ اساتذہ برادری ادارے کی ترقی اور تدریسی ماحول کو مزید موثر بنانے کے لئے ریسرچ اور گرانٹ پروجیکٹس تیار کریں ، جبکہ طلبا کو صحتمند سرگرمیوں کے مواقع کی فراہمی کیلئے ٹیچرس اسٹوڈنٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کو بحال کیا جائے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا منصب سنبھالنے کے بعد سوشل سائنسز فیکلٹی کے تدریسی اور انتظامی شعباجات کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ یونیورسٹی کے شعباجات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ایگری بزنس ، زرعی معیشت سمیت مختلف ڈپارٹمینٹس اور کورسز کا معیار کو آئی بی ای سکھر جیسے اداروں کی طرح بنانے کیلئے اہم پالیسیاں مرتب کرنا ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملک کا اہم زرعی تدریسی و تحقیقی ادارہ ہے ، جس کی ترقی اور تدریسی ماحول کو مزید موثر بنانے کے لئے ریسرچ اینڈ گرانٹ پروجیکٹس کو تیار کرنا ہونگے، تاکہ یہ ادارہ مزید ترقی کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا طلبا و طالبات کے اعتماد کو بڑھانے کیلئے ٹیچرس اسٹوڈنٹس کوآرڈینیشن کمیٹی کو فعال کیا جانا چاہئے ، اور اس پلیٹ فارم سے صحت مندانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا کوالٹی انہانسمینٹ سیل طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے ، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اساتذہ ، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کہ بہتری کیلئے مستقبل میں اہم اقدام اٹھائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ یونیورسٹی کو صرف ایک ڈگری جاری کرنے والا ادارہ ہی نہیں بلکہ ایک قابل عمل علمی ادارہ بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی ڈاکٹر اعجاز احمد کھونھارو نے وائس چانسلر کو فیکلٹی میں موجود تدریسی سہولیات ، اساتذہ کی تعداد ، طلبہ ، کورسز اور دیگر سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر عبداللہ آریجو ، ڈاکٹر الطاف سیال ، ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر ، پروفیسر ویلو سوٹھڑ ، آئی ٹی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور ڈیپر ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمینٹ سیل ریاست علی کبر، پروفیسر ابوساجد محمد سموں ، قمرالدین جوگی، ڈاکٹر غلام مجتبی خشک ، ڈاکٹر حبیب مگسی ، ڈاکٹر جاوید شیخ اور دیگر موجود تھے

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں