عمران نیازی کی حکومت اب حقیقتاً ملک کیلئے عذاب بن چکی ہے، پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد

عمران خان اور ان کے قزاق ٹولے نے پاکستان کو محض ڈھائی سال کے عرصے میں پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے،مشترکہ بیان

جمعہ 15 جنوری 2021 23:09

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریشی جنرل سیکریٹری علی محمد سھتو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل دوسری بار اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کی حکومت اب حقیقتاً ملک کیلئے عذاب بن چکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات پہ پیٹرول لیوی سمیت ٹیکسز کی بھرمار کی دہائیاں دینے والا عمران خان اب عوام پہ پہلے سے بھی زیادہ ٹیکسز کا بوجھ ڈال کر عوام کو خودکشیوں پہ مجبور کر رہا ہے، پیٹرول گیس بجلی اور اشیا ضروریہ اب ایک عام پاکستانی کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں جب کہ خان صاحب روزانہ کی بنیاد پہ مہنگائی پہ نوٹس لینے کا ڈرامہ رچا کر عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو رسوائیوں اور ناکامیوں کی گہری کھائی میں دھکیل دیا ہے، پاکستان ایشیا کا سب سے مہنگا ملک ہوچکا، ڈالر ایک س باسٹھ روپے پہ پہنچ چکا، پاکستانی پاسپورٹ خان صاحب کے ڈھائی سال میں چار درجے نیچے گر چکا، پی آئی اے کو تباہ کر دیا گیا، آج ہی ملائیشیا نے واجبات ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے کوالالمپور میں مسافروں کو اتار کر جہاز کو اپنے قبضے میں کر لیا، نیب نے پاکستان کو دنیا بھر میں ذلت و رسوائی کا نشان بنادیا، براڈشیٹ نامی کمپنی کو سات ارب روپے جرمانہ ادا کیا گیا جبکہ براڈشیٹ کے مالک نے عمران خان کے خاص چہیتے شہزاد اکبر اور دو جرنیلوں پہ ان سے پاکستانیوں کی چھپی دولت ڈھونڈنے کے معاہدے کی تجدید کے لیئے دو س ملین ڈالر رشوت طلب کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان اب پاکستانی قوم اور ملک پہ ایک ایسا بوجھ بن چکے ہیں جسے جلد از جلد نہ اتارا گیا تو خدا نخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے، عمران خان اور ان کے قزاق ٹولے نے پاکستان کو محض ڈھائی سال کے عرصے میں پچاس سال پیچھے دھکیل دیا ہے

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں