واسا حیدرآباد کے حکام کی بے حسی،محکمہ آبپاشی کی دریائے سندھ کے پمپنگ اسٹیٹن سے دامن کوہسار ہائوسنگ سوسائٹی لطیف آباد کا 4 روز سے پانی بند

پوری آبادی ٹینکر مافیا کین مافیا کے رحم و کرم پر ہے، آگاہ کرنے کے باوجود بحالی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا

منگل 19 جنوری 2021 00:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) واسا حیدرآباد کے حکام کی بے حسی،محکمہ آبپاشی نے دریائے سندھ کے پمپنگ اسٹیٹن سے دامن کوہسار ہائوسنگ سوسائٹی لطیف آباد کا 4 روز سے پانی بند کر رکھا ہے اور پوری آبادی ٹینکر مافیا کین مافیا کے رحم و کرم پر ہے، آگاہ کرنے کے باوجود بحالی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔دامن کوہسار ہائوسنگ اسکیم کا پانی محکمہ آبپاشی نے 4 روزسے بند کر رکھا ہے، دریا ئے سندھ پر نصب پمپنگ اسٹیشن سے معلومات کی گئیں تو محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں نے بتایا بھی اور دکھایا بھی کہ پمپنگ اسٹیشن سے پانی سپلائی کرنے والی واسا کی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہے اور پانی رس کر حفاظتی بند کے اندر سے ہوتا ہوا دریا میں جا رہا ہے اور بند کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے،اہلکاروں نے بتایا کہ کافی عرصے سے واسا کی مین لائن کئی جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہے، محکمہ آبپاشی کے ذمہ دار افسران واسا حکام کو زبانی اور تحریری طور کئی بار آگاہ کر چکے ہیں لطیف آباد حفاظتی بند کو پانی کے رسائو سے سخت نقصان پہنچ رہا ہے مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی اب افسران نے کئی روز پہلے واسا حکام کو واضع طور پر بتا دیا تھا کہ اگر پائپ لائن کی مرمت نہ کی گئی تو پانی کی سپلائی بند کر دی جائے گی مگر پھر بھی ایچ ڈی اے اور واسا کے حکام نے پائپ لائن کی تبدیلی یا مرمت پر توجہ نہیں دی جس پر بڑے نقصان سے بچنے کے لئے دریا سے پانی کی سپلائی بند کرائی گئی ہے،مگر اس کے بعد بھی واسا کے کسی ذمہ دار نے رابطہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

دامن کوہسار ہائوسنگ سوسائٹی لطیف آباد کے ذمہ داروں نے بتایا ہے گذشتہ پورا سال پانی کی سپلائی میں بار بار خلل رہا کبھی پائپ لائین میں سوراخ ہو جاتا ہے اور کبھی پمپنگ اسٹیشن کی مشینیں خراب ہو جاتی ہیں اور لوگ ٹینکر مافیا سے مہنگا پانی خرید کر گزارہ کرتے ہیں اب محکمہ آبپاشی نے دریا سے پانی کی سپلائی بند کر دی ہے تو 4 روز سے پانی کا قحط ہے تو پوری آبادی ٹینکر مافیا اور کین مافیا کے رحم و کرم پر ہے،سوسائٹی کے مکین سخت پریشان ہیں تمام صورتحال سے واسا حکام آگاہ کیا گیا ہے مگر کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا لگتا ہے واسا حکام کو اتنی بڑی آبادی کے لئے پانی کی سپلائی مکمل بند ہو جانے کی کوئی پرواہ نہیں، دامن کوہسار کے مکینوں نے سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بنچ حیدرآباد کے سینئر جج، کمشنر حیدرآباد،ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے،ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ واسا حکام کی بے حسی اور مجرمانہ رویئے کا نوٹس لیں اور آبادی کو صاف پانی کی فوری فراہمی کو مستقل طور پر یقینی بنایا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں