حیدرآباد شہر کے 23 پارکوں کی بحالی اور ترقیاتی کے کاموں کوتیز کیا جائے، کمشنر کی افسران کو ہدایت

ڈویژن کے دیگر ضلعی انتظامیہ کو بھی اپنے اپنے اضلاع میں پارکوں کی بحالی کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی

بدھ 20 جنوری 2021 23:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ حیدرآباد شہر کے 23 پارکوں کی بحالی اور ترقیاتی کے کاموں کوتیز کیا جائے، ڈویژن کے دیگر ضلعی انتظامیہ کو بھی اپنے اپنے اضلاع میں پارکوں کی بحالی کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، فروری کے وسط میں موسم بہار کی آمد پر ڈویژن کے مختلف اضلاع میں پارکوں باالخصوص حیدرآباد شہر میں مختلف پارکوں میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لطیف آباد میں واقع شہید ملت پارک اور حسین آباد پارک کا دورہ کرتے ہوئے کیا، کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ تفریحی سرگرمیوں کے لئے عام لوگوں کو پرکشش اور خوبصورت مقامات اور پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے ، ڈویژن کے مختلف پارکوں اور خاص طور پر حیدرآباد سٹی میں زمین کی تزئین کے جدید نمونوں میں بحالی اور بہتری ، فوڈ کورٹ اور تفریحی مقامات کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مختلف یونیورسٹیوں اور متعلقہ اداروں سے ڈیزائنرز اور ماہرین سے تکنیکی مدد لی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سٹی میں سرکاری اراضی کی واگزار کرانے کے بعد گرین بیلٹ شہر کے مختلف سڑکوں ، گلیوں اور راستوں کے دونوں اطراف 10 ہزار درختوں کے لگائے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ فروری کے وسط میں موسم بہار کی آمد پر ڈویژن کے مختلف اضلاع میں پارکوں باالخصوص حیدرآباد شہر میں مختلف پارکوں میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، کمشنر حیدرآباد نے ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد میونسپل کمیٹی (ایچ ایم سی) کو ہدایت کی کہ شہید ملت پارک کی بحالی کا کام12 فروری تک مکمل کیا جائے اور متعلقہ انجینئرز کو حسین آباد پارک کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کمشنر محمد عباس بلوچ نے شہید ملت پارک اور حسین آباد پارک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کی طرف سے کی جانے والی صفائی ستھرائی اور انسداد تجاوزات مہم کا بھی جائزہ لیا، کمشنر نے آرٹس کونسل سے فتح چوک تک آٹو بھان روڈ کا دورہ کرتے ہوئے حیدرآباد ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کو آٹو بھان کے دونوں اطراف 10 ہزار پودے لگانے کی ہدایت کی، انہوں نے سائٹ اسٹیٹ انجینئر اور محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر باالخصوص آٹوبھان روڈ پر شجرکاری پلان کو ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے منظوری کے بعد منصوبے کو تین سے چار ہفتوں میں مکمل کریں۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے تجویز پیش کی کہ شہر کے مختلف پارکوں میں جگہ کی مناسبت سے کھجور کے درخت بھی لگائے جاسکتے ہیں، کمشنر نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ خیرپورکی ضلعی انتظامیہ اور کھجور کے کاشتکاروں سے رابطہ کر کے کھجور کے پودے منگوائے جائیں، اس موقع پر شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ ، ڈیزائن اور ہیریٹیج (ایس اے بی ایس) جامشورو کے اسسٹنٹ پروفیسر فہد نظامانی نے کمشنر حیدرآباد کو زمین کی تزئین کی سطح ، کھانے پینے کے اسٹال کے قیام ، بطخوں کے لئے تالاب اور دیگر پرندوں کے لئے مقامات کی نشاندہی کرنے کے لیے تکنیکی مشورہ دیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حیدرآباد ثناء اللہ رند ، ایچ ایم سی ، سائٹ ، ایچ ڈی اے اور سیڈا کے افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں